http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 17 January, 2008, 07:51 GMT 12:51 PST

ثانیہ تیسرے مرحلے میں پہنچ گئیں

ہندوستان کی ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا سوئٹزرلینڈ کی تمیا بیکسنزسکی کو شکست دے کر سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ آ‎سٹریلین اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔

خواتین کی عالمی درجہ بندی میں اکتیسویں نمبر پر آنے والی ثانیہ نے تمیا بیکسنزسکی کو ایک کے مقابلے میں دو سیٹ سے شکست دی۔

ثانیہ نے پہلے سیٹ میں صرف ایک گیم ہاری اور یہ سیٹ چھ۔ایک کے سکور سے جیتا تاہم دوسرے سیٹ میں تمیا میچ میں واپس آئیں اور یہ سیٹ چھ چار سے جیت لیا۔

تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم ثانیہ نے یہ سیٹ سات پانچ سے جیت کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔

تیسرے راؤنڈ میں ثانیہ کا مقابلہ مشہور امریکی کھلاڑی وینس ولیمز سے ہو گا جنہوں نے دوسرے راؤنڈ میں فرانسیسی کھلاڑی کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی ہے۔

ثانیہ مرزا کے حوالے سے وینس ولیمز کا کہنا ہے کہ ’ وہ ایک اچھی کھلاڑی ہیں اور جارحانہ کھیل کھیلنے کی کوشش کرتی ہیں‘۔ یاد رہے کہ ثانیہ مرزا ماضی میں آسٹریلوی اوپن میں وینس کی چھوٹی بہن سرینا ولیمز سے ہار کر مقابلے سے باہر ہو چکی ہیں۔