Wednesday, 09 January, 2008, 14:56 GMT 19:56 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی سے متنازعہ اوول ٹیسٹ کے نتیجے کو تبدیل کرائے۔
انضمام الحق کا یہ مطالبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی ٹیسٹ میں مبینہ خراب امپائرنگ پر بھارتی طوفان کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے آئی سی سی نے امپائر اسٹیو بکنر کو اگلے ٹیسٹ سے ہٹادیا ہے۔
انضمام الحق گزشتہ سال پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے اوول ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان تھے جس میں امپائر ڈیرل ہیئر نے پاکستانی ٹیم پر بال ٹیمپرنگ کا الزام عائد کیا تھا۔
پاکستانی ٹیم نے اس پر احتجاج کیا تھا اور امپائر ہیئر نے کھیل جاری نہ رکھتے ہوئے نتیجہ انگلینڈ کے حق میں دے دیا تھا۔
بعدازاں آئی سی سی نے انضمام الحق کو بال ٹیمپرنگ کے الزام سے بری کردیا تھا۔
![]() |
|
| اوول کا میدان (فائل فوٹو) |
انضمام الحق نے کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑی کے حق میں حرکت میں آ کر امپائر تبدیل کراسکتا ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو اب تو ایکشن لے لینا چاہئے اور آئی سی سی کو مجبور کرنا چاہئے کہ وہ اوول ٹیسٹ کا نتیجہ جو پاکستان کے حق میں ہونے کے قریب تھا تبدیل کرائے۔
انضمام الحق نے کہا کہ آئی سی سی اس وقت ایسے لوگوں کے نرغے میں ہے جو اہم فیصلے کرکے ان پر قائم رہنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ میلکم اسپیڈ سمیت تمام موجودہ افسران کو اب جانا چاہئے۔ وہ ایک فیصلہ کرکے اسے تبدیل کردیتے ہیں۔
انضمام الحق نے کہا کہ ایشیائی ممالک ہمیشہ سے آئی سی سی کے ہدف پر رہے ہیں لیکن بھارت کے معاملے میں آئی سی سی اس لئے کھل کر سامنے نہیں آتی کیونکہ اس کی تریسٹھ فیصد آمدنی بھارت سے ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے قوانین ہر ملک کے لئے الگ الگ ہیں ۔ اگر کوئی یہ کہے کہ یہ سب کے لئے یکساں ہیں تو یہ بہت بڑا مذاق ہوگا۔
انضمام الحق نے کہا کہ اوول ٹیسٹ میں بھی میچ ریفری مائیک پراکٹر تھا اور سڈنی میں بھی وہی ہے۔ دراصل میچ ریفریز میں بڑے فیصلے کرنے کی اہلیت ہی نہیں ہے۔ ہربھجن سنگھ کے معاملے میں آئی سی سی کو سوچ بچار کے بعد فیصلہ کرنا چاہئے تھا یہ سست اوور ریٹ پر جرمانے والا عام کیس نہیں تھا بلکہ انتہائی حساس معاملہ تھا۔ ایک فیصلہ کرکے اسے تبدیل کرنا آئی سی سی کی نااہلی ثابت کرتا ہے اور یہ اسی وقت ہوتا ہے جب معاملات شفاف انداز میں نہ چلائے جاتے ہوں۔
دریں اثنا پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اوول ٹیسٹ کے نتیجے کو تبدیل کرنے کا معاملہ اپنی کرکٹ کمیٹی کے سپرد کردیا ہے جس کی رولنگ کے بعد اس پر ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں بات ہوگی۔