Sunday, 02 December, 2007, 13:09 GMT 18:09 PST
مرلی دھرن نے کینڈی میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں چار وکٹیں حاصل کر کے شین وارن کا ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ اب مرلی تھرن اور شین وارن دونوں کی سات سو آٹھ وکٹیں ہیں۔
مرلی کا اُسی روز ریکارڈ توڑنے کا خواب بارش کی وجہ سے پورا نہ ہو سکا۔ انگلینڈ کا سکور چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چھیاسی رن تھا جب خراب موسم کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا۔ مرلی تھرن نے تیس رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کی طرف سے مائیکل وان اور این بیل کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے ایک سو سات رن کی شراکت ہوئی لیکن اس کے بعد پانچ وکٹیں صرف اٹھتر رن کے اضافے کے دوران گِر گئیں۔ مرلی نے وان، بیل ، پیٹرسن اور روی بوپارا کو پویلین میں بھیج کر نہ صرف انگلینڈ کی ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا بلکہ وارن کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔
مرلی نے اننگز کے انسٹھویں اوور میں جیسے ہی روی بوپارا کی وکٹ حاصل کی سٹیڈیم تالیوں سے گونج اٹھا۔ کینڈی مرلی کا ہوم گراؤنڈ ہے اور لوگ ان کی پانچویں وکٹ کے مشتاق تھےلیکن بارش نےان کا انتظار طویل کر دیا۔