http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 09 November, 2007, 01:45 GMT 06:45 PST

انیل کمبلے انڈیا کے نئے کپتان

سچن تندولکر کے ٹیسٹ میچوں کے لیے انڈیا کی کرکٹ ٹیم کی کپتانی قبول کرنے سے انکار کے بعد سپنر انیل کمبلے کو کپتان بنا دیا گیا ہے۔

سینتیس سالہ انیل کمبلے نے 1991 میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور اب تک 118 ٹیسٹ میچوں میں انڈیا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

وہ کرکٹ کی تاریخ میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔ باقی دو شین وارن اور مرلی دھرن بھی سپنرز ہی ہیں۔

کمبلے کو دھونی پر سبقت دے کر ٹیسٹ میچ کا کپتان اس وقت بنایا گیا جب سابق کپتان سچن تندولکر نے کپتانی سے انکار کر دیا تھا۔ تندولکر اس سے قبل 1996 سے سنہ 2000 کے درمیان دو مرتبہ بھارتی ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں اور ان کی قیادت میں بھارت نے پچیس میں سے چار ٹیسٹ جیتے تھے۔

راہول ڈراوڈ کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے حوالے سے ٹی وی چینل سی این این ۔آئی بی این سے بات کرتے ہوئے تندولکر کا کہنا تھا کہ’ میں اس وقت اسے صحیح محسوس نہیں کرتا‘۔

کمبلے اپنی ٹیسٹ میچ میں کپتانی کا آغاز روایتی حریف پاکستان کے خلاف 22 نومبر سے کریں گے۔

271 ایک روزہ میچ کھیلنے والے انیل کمبلے نے ورلڈ کپ میں انڈیا کی بری کارکردگی کے بعد ایک روزہ میچوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔