Friday, 02 November, 2007, 13:51 GMT 18:51 PST
ٹینس کی مایہ ناز کھلاڑی مارٹینا ہنگس نے اس اعتراف کے بعد کہ اس سال ومبلڈن کے دوران ان کا نشہ آور ادویات کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا ٹینس کی دنیا سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
تاہم سؤٹزر لینڈ سے تعلق رکھنے والی ٹینس سٹار نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی نشہ آور ادویات استعمال نہیں کیں اور یہ کہ ان پر اس قسم کے الزامات ’بھیانک‘ ہیں۔
ستائس سالہ مارٹینا ہنگس نے ایک بیان میں کہا: ’میرا ٹیسٹ پازیٹو تھا لیکن میں نے کبھی بھی نشہ نہیں کیا اور میں سو فیصد بے قصور ہوں۔‘
میں یہ اعلان اس لیے کر رہی ہوں کیونکہ میں ممنوعہ ادویات کے سدباب کے ادارے (اینٹی ڈوپنگ) کے اہلکاروں سے نہیں الجھنا چاہتی۔‘
پانچ مرتبہ ’گرینڈ سلیم‘ جیتنے والی اور ومبلڈن کی چیمپئن نے ومبلڈن کے تیسرے راؤنڈ میں شکست کے بعد بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن کے زیراہتمام ممنوعہ ادویات کا ٹیسٹ دیا تھا۔
بیان میں ان کا کہنا تھا: ’جب مجھے بتایا گیا کہ میں ٹیسٹ میں ناکام ہوگئی ہوں تو مجھے بہت حیرت ہوئی اور شدید صدمہ پہنچا۔‘
’ لیکن اب اگلے سات سال اینٹی ڈوپنگ کے خلاف لڑنے کی مجھے خواہش نہیں ہے۔ مجھے الجھن ہو رہی ہے اور غصہ آ رہا ہے اور اس قسم کے الزامات کے بعد کھیلنے کو میرا جی نہیں چاہ رہا۔ اور عمر اور اپنی صحت کے مسائل کی وجہ سے میں نے بین الاقوامی مقابلوں کے علاوہ پروفیشنل ٹینس سے بھی ریٹائر ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔‘
![]() | |
| اس شاندار کیرئر کا اختتام ہو گیا ہے جس کا آغاز انیس سو ستانوے میں ہوا تھا |
انہوں نے کہا: ’ مارٹینا نے جس پازیٹو ٹیسٹ کا ذکر کیا ہے اس کے بارے میں ہمیں کوئی باقاعدہ اطلاع نہیں ہے اس لیے ہم اس پر تبصرہ کرنے کی حیثیت میں نہیں ہیں۔ تاہم اینٹی ڈوپنگ کے معاملے میں یہ یاد رکھنا اہم ہے کہ ہر کھلاڑی اس وقت تک بے گناہ ہوتا ہے جب تک اس پر الزام ثابت نہ ہو جائے۔‘
مارٹینا ہنگس کے اعتراف اور دوسری بار ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ایک عظیم کھلاڑی کے اس شاندار کیرئر کا اختتام ہو گیا ہے جس کا آغاز انیس سو ستانوے میں ہوا تھا۔
اُس سال انہوں نے صرف سولہ برس تین ماہ اور چھبیس دن کی عمر میں آسٹریلین اوپن میں کامیابی حاصل کر کے اپنا پہلا گرینڈ سلیم جیتا تھا اور اسی سال مارچ تک وہ دنیا کی نمبر ون خاتون ٹینس کھلاڑی بن چکی تھی۔
جولائی میں وہ ومبلڈن سنگلز جیتنے والی کم عمر ترین کھلاڑی بن گئی تھیں اور پھر ستمبر میں انہوں نے یو ایس اوپن بھی جیت لیا تھا۔
انیس سو اٹھانوے اور پھر انیس سو نناوے میں بھی انہوں نے اپنے آسٹریلین اوپن کے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا لیکن بعد میں بار بار زخمی ہونے کے بعد انہوں نے دو ہزار تین میں پہلی مرتبہ ٹینس سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔