Sunday, 28 October, 2007, 23:04 GMT 04:04 PST
بیجنگ میں ہونے والی سن دو ہزار آٹھ کی اولمپکس کے منتظمین نے کہا ہے کہ منگل سے چین میں لوگوں کے لیے ساڑھے اٹھارہ لاکھ ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
منتظمین نے کہا کہ ٹکٹ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر فروخت کیے جائیں گے۔ اس سے پہلے چین میں اپریل میں اولمپکس کے ٹکٹ لاٹری کی بنیاد پر پیش کیے گئے تھے۔ اس وقت افتتاحی اور اختتامی تقریب اور مختلف مقابلوں کے لیے تقریباً سولہ لاکھ ٹکٹ تقسیم ہوئے تھے۔
بیجنگ اولمپکس کے لیے ستر لاکھ ٹکٹ فراہم کیے جائیں گے جن میں سے پچاس لاکھ سے زیادہ میزبان ملک کے لیے ہیں۔
ابتدائی طور پر دیے جانے والے ٹکٹوں کی طرح اس بار بھی ٹکٹ حاصل کرنے والے فرد کا چین میں رہائشی پتہ ہونا لازمی ہے۔ تائیوان، مکاؤ اور ہانگ کانگ کے رہائشی اس پیمانے کے تحت ٹکٹ لینے کے اہل نہیں ہیں۔
منتظمین نے فی کس پچاس ٹکٹوں کی حد مقرر کی ہے۔ ٹکٹوں کی ٹاؤٹوں کے ذریعے
فروخت روکنے کے لیے خریدار کو اپنی تفصیلات درج کروانا ہوں گی تاہم اطلاعات کے مطابق ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت کے بازار وجود میں آ چکے ہیں۔