http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 22 October, 2007, 14:18 GMT 19:18 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام فیصل آباد

فیلڈنگ اور اوپننگ بڑے مسئلے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک کے خیال میں جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ جیت کی صورت میں اس ٹیم کو حریف پر نفسیاتی برتری حاصل ہوجائےگی۔

اقبال اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر پریس کانفرنس میں شعیب ملک نے کہا کہ فیلڈنگ کی کمزوری پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی۔

پنتیسویں اوور میں گیند کی تبدیلی سے متعلق نئے قانون کی حمایت کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ پنتیس اوورز تک گیند نرم ہوجاتی تھی اب اس قانون سے سب کو یکساں فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے تمام ملکوں سے صلاح مشورے کے بعد ہی یہ قانون نافذ کیا ہے۔

شعیب ملک نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا کہ فری ہٹ اور اب گیند کی تبدیلی کے قانون سے ون ڈے کرکٹ بیٹسمینوں کی کرکٹ رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دوسرے یا تیسرے پاور پلے میں یہ گنجائش رکھی گئی ہے کہ تین فیلڈرز دائرے سے باہر رکھے جا سکتے ہیں۔

شعیب ملک نے کہا کہ محمد آصف کو میچ سے قبل فٹنس ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا۔

پریشر ڈالنے کے حق میں نہیں
 بہت سے باتیں کھلاڑی سے پوچھ کر بھی کرنی پڑتی ہیں شاہد آفریدی ہوں یا کوئی بھی کھلاڑی وہ کپتان کی حیثیت سے پریشر ڈالنے کے حق میں نہیں ہیں
 
شعیب ملک

شاہد آفریدی کو ا وپنر کی حیثیت سے کھلانے کے بارے میں شعیب ملک نے کہا کہ بہت سے باتیں کھلاڑی سے پوچھ کر بھی کرنی پڑتی ہیں شاہد آفریدی ہوں یا کوئی بھی کھلاڑی وہ کپتان کی حیثیت سے پریشر ڈالنے کے حق میں نہیں ہیں۔

اوپننگ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے بارے میں سوال پر شعیب ملک نے کہا کہ اس کا مقصد بھارت کے اہم دورے کے لیے اچھا اوپننگ بلے باز تلاش کرنا ہے۔