Monday, 22 October, 2007, 21:47 GMT 02:47 PST
پاکستانی فاسٹ بالر محمد آصف منگل کو جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔
محمد آصف کہنی کی تکلیف کی وجہ سے پہلے دو میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔
پاکستان کے چیف سلیکٹر صلاح الدین احمد کا کہنا ہے کہ’ آصف مزید ایک میچ کے لیے آرام کریں گے کیونکہ وہ سو فیصد فٹ نہیں ہیں‘۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’شعیب اختر جنوبی افریقہ کے خلاف آخری میچ کے لیے دستیاب ہوں گے اس لیے ہمارے پاس مزید آپشن موجود ہیں‘۔
شعیب اختر پر محمد آصف کو بّلا مارنے پر تیرہ میچوں کی پابندی لگائی گئی تھی اور یہ پابندی ملتان میں ہونے والے چوتھے ایک روزہ میچ کے بعد ختم ہو جائے گی۔
دریں اثناء پاکستان نے تیسرے میچ کے لیے اکیس سالہ بلے باز خالد لطیف کو محمد حفیظ کی جگہ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیا ہے تاہم اس بات کا امکان کم ہے کہ وہ میچ میں کھیلیں گے کیونکہ اس مرتبہ اوپننگ کے لیے یاسر حمید کا انتخاب کیا گیا ہے جو کامران اکمل کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے۔
جنوبی افریقہ ممکنہ طور پر وہی ٹیم کھلائے گا جس نے دوسرے ایک روزہ میچ میں شرکتت کی تھی۔