Monday, 08 October, 2007, 13:10 GMT 18:10 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
قذافی سٹیڈیم لاہور میں سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باوجود جنوبی افریقہ کی ٹیم چھ کھلاڑیوں کے نقصان پر259 بنانے میں کامیاب ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ایش ویل پرنس نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے۔
پہلے دن کے اختتام پر مارک باؤچر نو رنز کے ساتھ اور اینڈرے نیل بغیر کسی رن کے کھیل رہے تھے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور کپتان گریم سمتھ اور ہرشل گبز نے انگز کا آغاز کیا۔ جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 24 کے سکور پر گری جب مصباح الحق نے گلی پوزیشن پر عمر گل کی گیند پر ان کا کیچ پکڑا۔ گبز نے ایک چوکے کی مدد سے تیرہ رن بنائے۔
ان کے بعد ہاشم آملہ کھیلنے کے لیے آئے مگر وہ صرف دس رنز بنا سکے۔ہاشم آملہ آصف کی اندر آتی ہوئی گیند کو سمجھنے میں ناکام رہے اور ان کی آف سٹمپ کی بیلز ہوا میں اچھل گئی۔
ہاشم آملہ کے آؤٹ ہونے کے بعد کراچی ٹیسٹ کی دونوں انگز میں سنچری بنانے والے ژاک کالس کھیلنے آئے۔ کالس نے کپتان گریم سمتھ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں ترپن رنز بنائے لیکن جب سکور 100 پر پہنچا تو کپتان گریم سمتھ دانش کنیریا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ سمتھ نے چھیالیس رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں چار چوکے شامل تھے۔
ایش ویل پرنس اور اے بی ڈویلئر نے مل کر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 83 رنز کا اضافہ کیا لیکن جب سکور 243 رن ہوا تو ایش ویل پرنس پانچ چوکوں کی مدد سے تریسٹھ رن بنا کر سپنر عبدالرحمن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
پاکستان کی ٹیم نے اسی اووروں کے بعد نئی گیند لی اور فاسٹ بالروں نے دوبارہ بالنگ شروع کی۔ محمد آصف کی گیند پر مارک باؤچر نے سٹروک کھیلا جو آصف کے ہاتھ سے لگ کر نان سٹرائکر اینڈ پر کھڑے اے بی ڈولئیر کی وکٹوں پر لگا اور چونکہ وہ وکٹوں سے باہر تھے اس لیے رن آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی طرف سے آصف، عمر گل اور اور عبدالرحمن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ دانش کنیریا نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
پاکستان ٹیم
سلمان بٹ، کامران اکمل، یونس خان، انضمام الحق، محمد یوسف، مصباح الحق، شعیب ملک، عبدالرحمن، عمر گل، محمد آصف، دنیش کنیریا، فیصل اقبال(بارہویں کھلاڑی)
جنوبی افریقن ٹیم
گریم سمتھ، ہرشل گبز، اے بی ڈولیئر، ژاک کیلس، ایش ویل پرنس،ہاشم آملہ، مارک باؤچر، اینڈرے نیل، پال ہیرس، مکایا نتنی، ڈیل شٹین، پال ڈومنی(بارہویں کھلاڑی)