http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 08 October, 2007, 14:22 GMT 19:22 PST

آخری اوور میں آسٹریلیا کی ہار

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان چنڈی گڑھ میں کھیلے گیے چوتھے ایک روزہ میچ میں ہندوستان نے ایک سنسنی خیز مقابلے ميں آسٹریلیا کو آٹھ رنز سے شکست دے دی ہے۔ون ڈے انٹر نیشنل میچوں میں ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف چار برس بعد ایک روزہ میچ جیتا ہے۔

ہندوستان نے چنڈی گڑھ کے میدان میں ٹاس جیتا اور پہلے بلے بازي کرنے کا فیصلہ کیا اور یہ فیصہ ہندوستان کے حق میں رہا۔ ہندوستانی بلے بازوں نے ابتدا میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور سچن تندولکر اور سورو گنگولی کی اوپنگ جوڑی نے اکانوے رنز بنائے۔ سچن تندولکر نے اناسی اور سورو گنگولی نے اکتالیس رنز بنائے۔

کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بغیر آوٹ ہوئے نصف سنچری بنائی۔ مقررہ پچاس اوروں میں ہندوستانی ٹیم نے دو سو اکانوے رنز بنائے۔

تاہم دو سوبانوے رن کا ہدف حاصل کرنے کی کوشش میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم آخری اوور میں دو سو تراسی رن بناکر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی شروعات اچھی نہیں تھیں اور سینتیس کے سکور پر ان کا پہلا وکٹ گرا۔ لیکن متھیو ہیڈ نے باری کو سنبھالنے کی کوشش کی اور بانوے رن بنائے۔جبکہ سائمنڈ نے سینتالیسویں اوور میں پچھتر رنز بنائے اور ان کا آوٹ ہونا ٹیم کے لیے ہار کا سبب بنا۔

سات میچوں کی اس سریز میں اب بھی آسٹریلیا دو کے مقابلے ایک سے آگے چل رہا ہے۔ پہلا میچ بارش کے نذر ہو گیا تھا۔

آج کے مقابلے میں مین آف دی میچ مہندر سنگھ دھونی قرار دیے گئے۔ اس سریز کا اگلا مقابلہ گجرات میں عرفان پھٹان کے شہر برودا میں گیارہ اکتوبر میں کھیلا جائے گا۔