Monday, 24 September, 2007, 06:52 GMT 11:52 PST
پیر کے روز جوہانسبرگ کے وانڈررز سٹیڈیم میں پاکستان اور انڈیا ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں مد مقابل ہیں۔
اس سے قبل اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں گروپ مرحلے میں آمنے سامنے آئیں تھیں جس میں میچ ڈرامائی انداز میں برابر ہونے کے بعد پاکستان کو بال آؤٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دونوں ٹیموں نے رواں سال کے شروع میں منعقد ہونے والے عالمی کپ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد اپنے عوام اور شائقین میں کھویا ہوا مقام پھر سے حاصل کر لیا ہے۔
پاکستان کے کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ ’ہم پیشہ ور کھلاڑی ہیں اس لیے ہمارے لیے ضروری تھا ہم خود کو بدلیں‘۔
’ورلڈ کپ اب ماضی کا قصہ ہے اور ہم صرف ٹوئنٹی ٹوئنٹی کے فائنل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ہم آجکل بہت اچھا کھیل رہے ہیں‘۔
پاکستان کو امید ہے کہ فائنل کے لیے نیوزی لینڈ کے خلاف جارحانہ انسٹھ رنز بنانے والے اوپنر عمران نذیر بھی مکمل فِٹ ہو جائیں گے جنہیں نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں رنر بلانا پڑا تھا۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ پاکستان فائنل میچ کے لیے فواد عالم کو، جنہوں نے سیمی فائنل مقابلے میں انتیس رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کی تھیں کھلایا جاتا ہے یا پھر تجربہ کار کھلاڑی سلمان بٹ یا یاسر عرفات پر انحصار کرتا ہے۔
انڈیا دنیش کارتک اور آجت اگرکر کو روہت شرما اور جوگیندر کی جگہ ٹیم میں واپس بلا سکتا ہے۔ لیکن انڈیا کا اصل مسئلہ وریندر سہواگ کی فٹنس کا ہے اور میچ سے قبل فٹنس ٹیسٹ ہی ٹیم میں ان کی شمولیت کو یقینی بنائے گا۔
سنیچر کو ہونے والے سیمی فائنل مقابلوں میں پاکستان نے ٹنوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ ایک دلچسپ مقابلے کے بعد انڈیا نے آسٹریلیا کو پندرہ رنز سے ہرا دیا تھا۔