Thursday, 20 September, 2007, 13:51 GMT 18:51 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کیپ ٹاؤن
ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے غیرمتاثر کن بیٹنگ کے بعد بنگلہ دیش کو چار وکٹوں سے زیر کرلیا۔
وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے پاکستان کی جیت کو مشکل بنادیا۔ جب کامران اکمل اورعمران نذیر نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا اس وقت صرف چھ گیندیں باقی رہتی تھیں۔
شاہد آفریدی جنہوں نے اس ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ اننگز کاآغاز کیا انتالیس رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے عمران نذیر جو ’ریٹائرڈ ہرٹ‘ ہونے کے سبب بیٹنگ ادھوری چھوڑ کر چلے گئے تھے آخری لمحات میں ستائیس رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سلمان بٹ لاپروائی کا شکار ہوکر بیس رنز پر رن آؤٹ ہوئے شعیب ملک اکیس رنز بناسکے۔ حفیظ نے تیئس اور یونس خان نے ایک رن پر وکٹ گنوائیں۔
اسپن بالنگ کے قابو میں آ تے ہوئے بنگلہ دیشی ٹیم ٹاس ہارنے کے بعد ایک سو اکتالیس رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر جنید صدیقی نے پاکستانی بالرز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے شاندار بیٹنگ سے شائقین کے دل موہ لئے انہوں نے اپنے پہلے بین الاقوامی میچ میں تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے اکہتر رنز بنائے۔
شعیب ملک نے اس ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ بالنگ کی اور اپنے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کرڈالیں۔ محمد حفیظ نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہد آفریدی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
پاکستانی فیلڈنگ آج خلاف توقع سست روی کا شکار رہی۔
پاکستانی ٹیم جو پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے اس جیت کے نتیجے میں گروپ ایف میں سرفہرست ہوگئی ہے۔
سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ گروپ ای کی نمبر دو ٹیم سے ہونا ہے گروپ ای کی سیمی فائنل ٹیموں کی پوزیشن جنوبی افریقہ اور بھارت کے میچ کے بعد واضح ہوگی۔