Tuesday, 18 September, 2007, 13:36 GMT 18:36 PST
ریحانہ بستی والا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی ) نے وکٹ کیپر بیٹسمین مہندر سنگھ دھونی کو آسٹریلیا اور پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کا کپتان مقرر کیا ہے۔
یہ اعلان ممبئی میں منگل کی دوپہر بی سی سی آئی کے عہدیداران کی دو گھنٹے کی میٹنگ کے بعد کیا گیا ہے۔
چھبیس سالہ دھونی اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیے مشہور ہیں۔ آجکل وہ جنوبی افریقہ میں جاری ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں انڈین ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔
گزشتہ ہفتے انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان راہل ڈراوڈ کے اچانک استعفے کے بعد بی سی سی آئی کے سامنے یہ سوال اٹھ کھڑا ہوا تھا کہ ان کی جگہ کون لےگا۔
ڈراوڈ نے اپنے استعفے پر کہا تھا کہ انہوں نے ذاتی وجوہات کے سبب استعفی دیا ہے۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وہ کپتانی کا لطف نہیں اٹھا پا رہے تھے۔ انہوں نے ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے میں ہی انڈین ٹیم کے مقابلوں سے باہر ہو جانے کے بعد کپتانی چھوڑنے پر غور کرنا شروع کر دیا تھا۔
تجربہ کار کھلاڑی |
ان کا کہنا تھا ’ٹیم میں دھونی سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ پہلے سچن کے نام پر غور کیا جانا چاہیے تھا، اس کے بعد سورو ہیں جن کے دور میں انڈین ٹیم نے بہت کامیابیاں حاصل کی تھیں۔‘
سید کرمانی کا کہنا تھا کہ دھونی ایک بہت اچھے وکٹ کیپر اور بلے باز ہیں لیکن ان کے پاس تجربے کی کمی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وکٹ کیپر کرکٹ کے کھیل کا سب سے اچھا جج ہوتا ہے، اس لیے دھونی ایک اچھے کپتان ثابت ہو سکتے ہیں لیکن انہیں ابھی تجربے کی ضرورت ہے۔
ایک اخبار کے سپورٹس ایڈیٹر ایاز میمن کا کہنا تھا کہ دھونی کے لیے کپتانی کوئی آسان بات نہیں ہو گی، کیونکہ ان کے سامنے ان سے سینئر کھلاڑی ہیں اور ان کے درمیان صحیح تال میل پیدا کرنا ایک مشکل امر ہو سکتا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز انتیس ستمبر سے شروع ہو گی اور اس میں سات میچ کھیلے جائیں گے۔
دھونی کا کریئر
![]() | |
| چھبیس سالہ دھونی اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیے مشہور ہیں۔ |
دھونی نے چوہتر ون ڈے میچ کھیلے ہیں، جن میں انہوں نے دو ہزار چار سو ستائیس رنز بنا رکھے ہیں۔ ون ڈے کرکٹ میں دھونی کا زیادہ سے زیادہ سکور ایک سو اڑتالیس رنز ہے، جو انہوں نے سنہ دو ہزار پانچ میں پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے بنائے تھے۔
دھونی سن دو ہزار پانچ اور چھ کے دوران آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ایک درجہ کے بلے باز قرار دیے گئے تھے۔
انڈین ٹیم:
مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، یوراج سنگھ (نائب کپتان)، سچن تندولکر، سورو گنگولی، راہل ڈراوڈ، دنیش کارتک، گوتم گمبھیر، روبن اتھپّا، عرفان پٹھان، رومیش پوار، پیوش چاؤلہ، آر پی سنگھ، ظہیر خان، ایس سری سنت اور ہربھجن سنگھ۔