http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 14 September, 2007, 03:11 GMT 08:11 PST

خدیجہ عارف
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی

ٹوئنٹی 20 چیمپئنز لیگ کا اعلان

بھارت کے کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے چیمپئنز ٹوئنٹی ٹوئنٹی لیگ کے نام سے اکتوبر سال دو ہزار آٹھ سے ایک ایسے ٹورنامنٹ کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں بھارت، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا سے ٹیمیں شریک ہونگی۔

چیمپئنز لیگ میں ہر ملک سے دو ٹیمیں حصہ لیں گی، جو متعلقہ ملک کی ڈومسٹک کرکٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر ان مقابلوں میں حصہ لینے کی اہل ہونگی۔

بی سی سی آئی کے صدر شرد پوار نے چیمپئنز لیگ کا اعلان دلی میں ایک پریس کانفرنس کے ذریعے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لیگ میں شرکت کے لیے بھارتی ٹیموں کا انتخاب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے ہو گا، جس کا آغاز اگلے برس اپریل کے مہینے سے ہوجائے گا۔

انگلینڈ کی کاؤنٹی لیسٹرشائر نے دو برس قبل اسی طرز پر لیکن چھوٹے پیمانے پر ایک ٹورنامنٹ کرایا تھا، جو پاکستان کی ٹیم فیصل آباد ولوز نے جیتا تھا۔

ہر ملک سے دو ٹیمیں
 چیمپئنز لیگ میں ہر ملک سے دو ٹیمیں حصہ لیں گی، جو متعلقہ ملک کی ڈومسٹک کرکٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر ان مقابلوں میں حصہ لینے کی اہل ہونگی
 

انڈین پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ کے لیے بیس کروڑ بھارتی روپوں سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے، جس میں سے آٹھ کروڑ روپوں کے لگ بھگ فاتحین کو دیے جائیں گے۔

چیمپئنز لیگ کے اعلان کے موقع پر آسٹریلیا کےگلین میگرا، نیوزی لینڈ کے سابق کپتان سٹیفن فلیمنگ، سچن تندولکر، راہل ڈریوڈ، انل کمبلے اور سورو گانگولی بھی موجود تھے۔ شین وارن نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے چیمپئنز لیگ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس موقع پر بی سی سی آئی کے نائب صدر للت مودی نے کہا کہ انڈین پریمیئر لیگ کا مقصد ڈومسٹک کرکٹ کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو تلاش کرنا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ کو حال ہی میں نجی سطح پر تشکیل دی گئی انڈین کرکٹ لیگ کا جواب سمجھا جا رہا ہے، جس میں بی سی سی آئی سے الگ ہو کر کئی نامور بھارتی اور بین الاقوامی کھلاڑی پہلے ہی شامل چکے ہیں۔

آئی پی ایل کے اعلان کے موقع پر بنگلہ دیش، سری لنکا، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، اور پاکستان کے کرکٹ بورڈز کے سربراہان بھی موجود تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف کا کہنا تھا ’پاکستانی کھلاڑی بورڈ کی اجازت سے آئی پی ایل میں کھیل سکیں گے۔‘