http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 10 September, 2007, 22:44 GMT 03:44 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، جوہانسبرگ

یوسف، ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے محمد یوسف کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر اور آسٹریلیوی کپتان رکی پونٹنگ کو بہترین کپتان اور کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا ہے۔

آئی سی سی ایوارڈز کی تقریب پیر کو جوہانسبرگ میں منعقد ہوئی، جس میں ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کے علاوہ کئی سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔

محمد یوسف تبلیغی مصروفیات کی وجہ سے ایوارڈ لینے کے لیے تقریب میں موجود نہیں تھے۔ اگست2006 سے اگست2007 کے دوران محمد یوسف نے صرف دس ٹیسٹ اننگز میں پانچ سنچریوں کی مدد سے944 رنز بنائے تھے۔

سال کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر کے ایوارڈ کے لیے محمد یوسف کا مقابلہ رکی پونٹنگ، کیون پیٹرسن اور مرلی دھرن سے تھا۔

سال کی بہترین ون ڈے ٹیم کے لیے پونٹنگ، سچن ٹنڈولکر، میتھیو ہیڈن، کیون پیٹرسن، جیک کیلس، مارک باؤچر، شین بونڈ، مرلی دھرن اور گلین میگرا منتخب ہوئے ہیں۔

سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کے لیے منتخب ہونے والوں میں پونٹنگ، ہیڈن، مائیکل وان، محمد یوسف، کیون پیٹرسن، مائیکل ہسی، کمار سنگاکارا، سٹیورٹ کلارک، محمد آصف، مکھایا نتینی اور مرلی دھرن شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے شان ٹیٹ ابھرتے ہوئے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔ آسٹریلیا کے سائمن ٹافل نے مسلسل چوتھی مرتبہ بہترین امپائر کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

کینیا کے تھامس اوڈویو ایسوسی ایٹ ملکوں میں بہترین ون ڈے کھلاڑی کے ایوارڈ کے حقدار ٹھہرے۔ بھارت کی جولن گوسوامی سال کی بہترین خاتون کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔ انہوں نے گزشتہ سال انگلینڈ کی سرزمین پر بھارت کو پہلی ٹیسٹ سیریز جتوانے میں مدد کی تھی۔

سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ سری لنکا کی ٹیم نے جیتا، جو سری لنکن کپتان مہیلا جے وردھنے نے وصول کیا۔