Thursday, 06 September, 2007, 21:34 GMT 02:34 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑے اور فاسٹ بولر محمد آصف کے زخمی ہوجانے کی خبر سامنے آئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے اس واقعے کی تفصیل میں جائے بغیر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ محمد آصف کی ران پر چوٹ آئی ہے۔
اس اطلاع کے بعد کہ دو کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑے کے دوران بیٹ لگنے سے محمد آصف کی ران زخمی ہوگئی ہے بی بی سی نے جوہانسبرگ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا منیجر ڈاکٹر احسن حمید ملک سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ شعیب اختر اور محمد آصف کا واقعہ ہوا ہے۔
تاہم انہوں نے مزید تفصیل بتانے سے یہ کہ کر انکار کردیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے اور اس بارے میں میڈیا کو جمعہ کی صبح کو آگاہ کیا جائے گا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ خبر درست ہے کہ محمد آصف کو چوٹ لگی ہے اوروہ وطن واپس آرہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ آصف کا ایکسرے کرایا گیا ہے اور ان کی حالت خطرناک نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹرز کے درمیان ڈریسنگ روم اور پریکٹس سیشن کے دوران ہاتھا پائی اور تلخ کلامی نئی بات نہیں ہے۔ اس طرح کے متعدد واقعات ماضی میں بھی رونما ہوتے رہے ہیں۔