Tuesday, 04 September, 2007, 17:15 GMT 22:15 PST
ہندوستان کے شہر چیننئی میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے چوتھے دن یعنی منگل کو ہونے والے لیگ میچوں میں انڈیا نے بنگلہ دیش کو جبکہ ہانگ کانگ نے سنگاپور کو شکست دی ہے۔
اس طرح انڈیا اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ انڈیا کی ٹیم لیگ میچوں کے چاروں مقابلوں کی فاتح رہی ہے۔
کھیل کے نصف حصہ میں مقابلہ سست رہا۔ اکتیسویں منٹ میں انڈیانے بنگلہ دیش سے اس وقت برتری حاصل کی جب رگوناتھ نے فیلڈ گول کیا۔گول کرنے کا یہ سلسلہ کھیل کے آخری چار منٹ تک جاری رہا۔
انڈیا کی ٹیم نے پے در پے چھ گول کیے اور فاتح رہی۔ انڈیا کی جانب سے رگھوناتھ اور بربھجوت سنگھ نے دو، دو جبکہ توشار کنڈیکر اور شویندر سنگھ نے ایک ایک گول کیا۔
شکست کے باوجود بنگلہ دیش کے گول کیپر زاہد مین آف دی میچ قرار دیے گئے کیونکہ وہ سات سے آٹھ گول بچانے میں کامیاب رہے ورنہ بنگلہ دیش کو اس سے بھی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑتا۔
سنگاپور نے پہلا گول ساتویں منٹ پر کیا جب سیف النظام بن محمد نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کردیا۔ چوبیسویں منٹ پر ہانگ کانگ کے کھلاڑی گوروندر ڈھیلن نے جوابی گول کرکے میچ برابر کردیا۔ سنگاپور نے 54 ویں منٹ پر ایک بار پھر اس وقت برتری حاصل کی جب ہزمی بن محمد نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کردیا لیکن 60 ویں منٹ پر ہانگ کانگ کے عارف علی نےگول کر کے میچ ایک بار پھر برابر کردیا۔
اس وقت جب کھیل کا وقت دو منٹ باقی تھا تو ہانگ کانگ نے فیصلہ کن گول کرکے میچ جیت لیا۔ یہ گول ہانگ کانگ کی جانب سے ہریندر سنگھ بل نے کیا۔اس ٹورنامنٹ میں ہانگ کانگ نے تین پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔
ملائشیا نے جاپان کو دو کے مقابلے میں صفر سے شکست دی ہے۔ ملائیشیا کی جیت کے ساتھ ہی سیمی فائنل تک پہنچنے کی لڑائی دلچسپ ہوگئی ہے۔
پاکستان کو ٹورنامنٹ میں رہنے کے لیے ہر حال میں بدھ کو کھیلے جانے والے مقابلے میں ملائشیا کو شکست دینی ہو گی کیونکہ اس وقت ملائشیا نو پوائنٹ کے ساتھ سب سے آگے ہے جبکہ جاپان اور پاکستان کے پاس چھ چھ پوائنٹس ہیں۔ پاکستان جاپان سے ایک میچ ہار چکا ہے۔