http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 29 August, 2007, 13:38 GMT 18:38 PST

ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ: اولمپکس پر نظر

بین الاقومی کرکٹ کے نگران ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ وہ کرکٹ کو اولمپک کھیلوں میں شامل کروانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو میلکم سپیڈ نے بھارت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کو اولمپک کھیلوں کا حصہ بنانا آئی سی سی کی طویل مدتی ترجیحات میں شامل ہے۔

سن 1900 میں پیرس اولمپکس میں کرکٹ کو آخری دفعہ اولمپک کھیلوں میں شامل کیا گیا تھا جس کے فائنل میں برطانیہ نے فرانس کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا تھا۔

کرکٹ کو اولمپک کھیلوں میں شامل کرنے کی مہم تین سال قبل انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے شروع کی تھی تاہم 2012 کے لندن اولمپک کھیلوں کی فہرست میں کرکٹ کا کھیل شامل ہونے کے امکانات انتہائی کم ہیں کیونکہ لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں تیر زنی کے مقابلوں کا اعلان کیا جا چکا ہے۔

لندن اولمپکس میں 26 کھیل شامل کیئے جا چکے ہیں جبکہ بیس بال اور سافٹ بال کو نکال دیئے جانے کے بعد مزید دو کھیلوں کا شامل کرنے کی جگہ موجود ہے۔ ان کھیلوں کی جگہ لینے کے لیے سکواش، کراٹے، رگبی یونین، گالف اور رولر سکیٹنگ کی نامزدگی انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی ووٹنگ میں مطلوبہ ووٹ حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کی مختصر ترین بین الاقومی قسم ہے اور اس کی تشکیل کا مقصد کرکٹ کی مقبولیت میں اضافہ کرنا تھا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو میلکم سپیڈ کا کہنا ہے اولمپک کھیلوں کے لیے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ موزوں ترین قسم ہے کیونکہ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی ٹورنامنٹ دو ہفتوں میں مکمل کیا جا سکتا ہے اور اولمپک کھیلوں کی مدت بھی اتنی ہی ہے۔