http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 24 August, 2007, 23:53 GMT 04:53 PST

دوسرے میچ میں بھارت فاتح

بھارت نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے برسٹل میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو نو رنز سے شکست دے دی ہے۔

بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر تین سو انتیس (329) رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ پچاس اوورز کھیلتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر تین سو بیس (320) رنز بنا پایا۔

میچ کا مکمل سکور کارڈ

بھارت کی اننگز میں سچن تندولکر کے ننانوے رنز اور کپتان راہل ڈراوڈ کے ناقابل شکست بانوے رنز بھی شامل تھے۔ یہ تندولکر کی ایک روزہ کرکٹ میں اسیویں (80) نصف سنچری تھی۔ اگر وہ سو رنز بنا لیتے یہ ان کی بیالسیویں سنچری ہوتی۔

انگلینڈ نے سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والی ٹیم میں ایک تبدیلی کی اور سپنر مونٹی پنیسر کی بجائے فاسٹ بالر کرس ٹریملٹ کو کھیلنے کا موقع دیا جبکہ بھارت نے اس کے برعکس رمیش پوار کی شکل میں ایک اور سپنر کو ٹیم میں جگہ دی۔

انگلینڈ کو آخری اوور میں میچ جیتنے کے لیے تیس رنز درکار تھے اور سٹورٹ براڈ نے بیس رنز بنا کر ماحول کو قدرے گرما دیا۔

سیریز اب ایک، ایک میچ سے برابر ہوگئی ہے۔ انگلینڈ نے ہیمشائر میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا میچ ایک سو چار رنز سے جیتا تھا۔