Thursday, 23 August, 2007, 03:57 GMT 08:57 PST
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ جیف لاسن نے بیٹسمین محمد یوسف سے کہا ہے کہ وہ متنازعہ انڈین کرکٹ لیگ میں شمولیت کے اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کریں۔
یوسف، انضمام الحق اور عمران فرحت انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے کا معاہدہ کر چکے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کر رکھا ہے کہ ایسا کرنے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
لاسن کا کہنا ہے: ’ایسے غیر معمولی کھلاڑی سے محروم ہونا ایک دھچکا ہوگا ۔۔۔ مجھے امید ہے وہ اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرینگے۔ وہ یقیناً اب بھی پاکستان کی کرکٹ کے لیے بہت اہم ہیں۔‘
لاسن نے اس بات کر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ آیا پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ فیصلہ درست ہے کہ انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے والے کھلاڑیوں پر قومی ٹیم کے چناؤ کے وقت غور نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا: ’میرے لیے اس پر بات کرنا مناسب نہیں ہوگا ۔۔۔ میں کوچ ہوں کوئی ایڈمنسٹریٹر (منتظم) نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ اس سے ان کی ذمہ داریوں پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ’یہ میرے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ میں یہاں ہوں اور کھلاڑیوں سے مل رہا ہوں۔ کھلاڑیوں کا ولولہ بھی زبردست ہے اور وہ اچھی کارکردگی دکھانے کے خواہشمند ہیں۔‘