Wednesday, 22 August, 2007, 16:11 GMT 21:11 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے فِٹنس کوچ ڈیوڈ ڈوائر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیم کو فِٹنس کے اعلیٰ معیار تک پہنچانا ان کا ہدف ہے۔
ڈیوڈ ڈوائر، جو پاکستانی ٹیم کے آسٹریلوی کوچ جیف لاسن کے ہمراہ ہی پاکستان آئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے لیے رگبی فِٹنس کوچ رکھنے کا خیال نیا نہیں ہے اور وہ جیف لاسن کے ساتھ یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز کے کرکٹ کلب کے کھلاڑیوں کی بھی فٹ نس ٹرینگ کر چکے ہیں۔
ان کے بقول ان کی نیو ساؤتھ ویلز کی فِٹنس کی خاص تربیت کے بعد اس سال ون ڈے سیریز جیتی یعنی رگبی سٹائل کی تربیت کرکٹ میں پہلے کامیاب ہو چکی ہے۔
فِٹنس، پاکستانی کرکٹرز کا ایک کمزور پہلو ہے۔ کئی بار پاکستانی کھلاڑی ان فِٹ ہونے کے سبب بڑے ٹورنامنٹس میں ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔ ان میں خاص طور پر شعیب اختر، عبدالرزاق اور محمد آصف شامل ہیں ۔ ڈیوڈ ڈوائر کا کہنا ہے کہ فِٹنس کے مسائل پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔
فِٹنس کوچ ڈیوڈ ڈوائر نے آج پاکستان کے کھلاڑیوں کی فِٹنس کا جائزہ لیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی فِٹنس کا معیار ٹھیک ہے لیکن ان کی فِٹنس کو بہترین سطح تک لے جانا ان کا ہدف ہے اور یہ ہدف وہ بھارت کے خلاف ہونے والی سیریز سے پہلے حاصل کرنا چاہیں گے۔
34 سالہ فِٹنس کوچ ڈیوڈ ڈوائر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیم کی تربیت کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے قذافی سٹیڈیم کے چاروں طرف نظر دوڑاتے ہوئے کہا کہ میں اس سٹیڈیم میں کھڑا ہو کر بہت عزت محسوس کر رہا ہوں جہاں پر عمران خان، وسیم اکرم، عبدالقادر اور کئی دوسرے بڑے کھلاڑیوں کے نام لکھے ہیں۔
ڈیوڈ ڈوائر سے پہلے باب وولمر کے ساتھ جنوبی افریقہ کے مرے سٹیون سن پاکستان کے فِٹنس کوچ تھے اور عالمی کپ کے بعد ان کا معاہدہ ختم ہو گیا تھا۔