http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 22 August, 2007, 01:11 GMT 06:11 PST

بھارت کے خلاف انگلینڈ کی کامیابی

انگلینڈ نے بھارت کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ایک سو چار رنز سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

الیسٹر کک اور آئن بیل نے ایک روزہ کرکٹ میں پہلی دفعہ انفرادی سنچریاں بنائیں، جن کی مدد سے انگلینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں صرف دو کھلاڑیوں کے نقصان پر دو سو اٹھاسی رنز بنائے۔

کک ایک سو بائیس گیندوں پر ایک سو دو رنز بنانے کے بعد آر پی سنگھ کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ بیل نے ایک سو اٹھارہ گیندوں پر ایک سو چھبیس رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

جواب میں بھارت کی ساری ٹیم پچاسویں اوور میں ایک سو چوراسی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارتی کپتان راہل ڈراوڈ نے ہیمشائر میں کھیلے گئے اس ڈے اینڈ نائٹ میچ میں ٹاس جیت کر بعد میں کھیلنے کا فیصلہ کر کے بہت سو کو حیران کر دیا۔

تاہم تیسرے اوور میں ہی گنگولی کے مونٹی پنیسر کے ہاتھوں رن آؤٹ ہونے کے بعد بھارت کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور رن ریٹ بتدریج بڑھتا رہا۔ صرف کپتان ڈراوڈ اور وکٹ کیپر بیٹسمین مہندرا دھونی کے درمیان اڑسٹھ رنز کی شراکت ہوئی۔

اپریل میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ کی طرف سے پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے بالر اینڈریو فلنٹوف نوے میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی گیندیں کرائیں اور متاثر کن لائن اور لینتھ کے ساتھ میچ میں اپنے دو سپیل مکمل کیے۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی حالیہ سیریز میں بھارت نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی ہے، جو انگلینڈ میں اس کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھارت کی اکیس سال بعد پہلی فتح تھی۔