Thursday, 16 August, 2007, 19:54 GMT 00:54 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان کی ہاکی ٹیم کے چیف کوچ اصلاح الدین کا کہنا ہے کہ چین میں پاکستان کی ہاکی ٹیم کی کارکردگی سے وہ مطمئن ہیں اگر چہ پاکستان کی ٹیم فائنل کھیل سکتی تھی لیکن وہ اس کی مجموعی کارکردگی سے خوش ہیں۔
پاکستان کی ٹیم نے حال ہی میں چین میں ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے مدِ مقابل آسٹریلیا، چین اور ملائشیا کی ٹیمیں تھیں۔
پاکستان نے پول میچز میں ان تینوں ٹیموں کے ساتھ میچ برابر کیے۔ اگرچہ پاکستان کی ٹیم کوئی میچ ہاری نہیں لیکن وہ فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکی۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے ملائشیا کو ایک کے مقابلے چار گول سے ہرایا۔
چیف کوچ اصلاح الدین کا کہنا تھا کہ یہ ایک اچھی علامت ہے کہ پاکستان کی ٹیم کوئی میچ نہیں ہاری کیونکہ ان تمام ٹیموں سے پاکستان کی ٹیم پہلے ہار چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں ٹیم میں بہتری نظر آئی۔ فزیکل فٹ نس بھی پہلے سے بہتر دکھائی دی اور کھیل میں بھی مجموعی طور پر بہتری نظر آئی۔
پاکستان ٹیم کی کارکردگی |
31 اگست سے نو ستمبر تک بھار ت کے شہر چنائی میں ہونے والے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم کے پول کو انہوں نے مشکل قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پول میں ملائشیا اور جاپان ہیں اوران دونوں ٹیموں سے پاکستان کی ٹیم ہار چکی ہے لہذا اس پول کو آسان نہیں کہا جا سکتا۔
پاکستان کے علاوہ اس پول میں ملایشیا، جاپان، ہانگ کانگ اور سنگاپور کی ٹیمیں ہیں جبکہ پول بی میں میزبان بھارت، کوریا، چین، سری لنکا، بنگلادیش اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں ہیں۔
اصلاح الدین نے کہا کہ یہ ایک رینکنگ ٹورنامنٹ ہے اس لیے اس میں تمام ٹیمیں خوب تیاری کے ساتھ آئیں گی اور اس میں کافی سخت مقابلہ ہو گا۔
ایشیا کپ کے لیے پاکستان کی ٹیم کا تربیتی کیمپ 19 اگست سے کراچی میں لگے گا۔
اصلاح الدین نے کہا کہ اگرچہ انہیں ایشیا کپ کے لیے کافی مختصر کیمپ ملا ہے لیکن کوشش ہو گی کہ محنت سے اچھی تیاری کی جائے اور چین کے دورے میں جو غلطیاں کی گئیں ان پر کام کر کے ان خامیوں کو دور کیا جائے۔
اصلاح الدین نے کہا کہ ایشیا کپ پاکستان کے لیے کافی اہمیت رکھتا ہے۔
پاکستان کی ٹیم ایشیا کپ کےلیے 28 اگست کو روانہ ہو گی۔