http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 12 August, 2007, 08:15 GMT 13:15 PST

عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

جہانگیرخان کے لئے ڈاکٹریٹ کی ڈگری

لندن کی میٹروپولیٹن یونیورسٹی نے اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہیں اسکواش میں شاندار خدمات پر اس اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور چیف ایگزیکٹیو برائن روپر نے جہانگیرخان کے نام خط میں لکھا ہے کہ اسکواش میں ان کی خدمات اور کارنامے ہمیشہ سے دنیا بھر بالخصوص پاکستانی کھلاڑیوں کے لئے قابل تقلید اور مثال رہے ہیں۔

چودہ دسمبر کو ہونے والی تقریب میں جہانگیرخان کو یہ اعزازی ڈگری دی جائے گی۔

جہانگیرخان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے اور ملک کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ ان کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی کہ وہ اپنے ملک کا نام روشن کریں۔

جہانگیرخان اسکواش کورٹ پر ساڑھے پانچ سال تک ناقابل شکست رہےاس دوران انہوں نے برٹش اوپن کے ریکارڈ دس ٹائٹلز جیتنے کے علاوہ ورلڈ اوپن چھ بار جیتی۔

اس شاندار کارکردگی پر حکومت پاکستان انہیں اعلی سرکاری اعزاز سے بھی نواز چکی ہے۔

جہانگیرخان اس وقت اسکواش کی عالمی فیڈریشن کے صدر ہیں اور انہیں کھیلوں کی دنیا میں عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔