Wednesday, 08 August, 2007, 13:37 GMT 18:37 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر شعیب اختر پر ڈسپلن کی خلاف ورزی پر تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
ان پر الزام ہے کہ وہ بغیر اطلاع کراچی میں منعقدہ قومی کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ذاکرخان نے بی بی سی کو بتایا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ شعیب اختر کے کیمپ سے جانے کے بارے میں منیجر نے کوئی بیان دیا تھا یا نہیں لیکن بورڈ نے جو تحقیقات کی ہیں ان سے پتہ چلا ہے کہ شعیب اختر کسی کو بتائے بغیر کیمپ سے گئے تھے جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
ذاکر خان نے کہا کہ شعیب اختر کو انضباطی کمیٹی نے دو بار طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے جس پر ان کے ڈسپلن پوائنٹس بھی منہا کیے گئے ہیں اور تین لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ پوائنٹس کی کٹوتی کے نتیجے میں وہ سنٹرل کنٹریکٹ میں اے سے بی کیٹگری میں بھی آسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ شعیب اختر کے کیمپ چھوڑ کر جانے کے بارے میں میڈیا کو اطلاع منیجر طلعت علی نے ہی دی تھی اور کہا تھا کہ وہ گردن کی تکلیف کے سبب کیمپ سے چلے گئے ہیں لیکن اس وقت انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ شعیب اختر بتائے بغیر چلے گئے ہیں۔