Sunday, 05 August, 2007, 16:37 GMT 21:37 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان کی ہاکی ٹیم کے کپتان ریحان بٹ کا کہنا ہے کہ چین میں ہونے والا چار ملکی ٹورنامنٹ ان کی ٹیم کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس ٹورنامنٹ میں انہیں اپنی ٹیم کی قوت کا اندازہ ہو گا اور اس سے ان کی ٹیم کو دسمبر میں پاکستان میں ہونے والے چمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری میں مدد ملے گی۔
پاکستان کی ہاکی ٹیم ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب لاہور سے چین روانہ ہوئی۔ روانگی سے قبل پاکستان کی ٹیم کے کپتان ریحان بٹ نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے لیے لگائے گئے کیمپ میں ٹیم نے بھر پور توجہ کے ساتھ تربیت کی ہے اور اگر پاکستان کی ٹیم چین میں ہونے والے ہاکی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھا پائی تو اس کا اثر چمپئنز ٹرافی پر بہت مثبت پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین میں ان کا مقابلہ آسٹریلیا اور ملائشیا جیسی اچھی ٹیموں کے ساتھ ہے۔
ریحان بٹ نے کہا کہ آسٹریلیا، عالمی رینکنگ میں ان کی ٹیم سے بہتر ہے لیکن ہماری کوشش ہو گی کہ اس کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جیت یا ہار کی بابت کوئی پیش گوئی نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں اور امید ہے کہ وہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں۔
ٹیم کے مستقل رکن فل بیک عمران وارثی کے ان فٹ ہونے کی صورت میں ٹیم کے ساتھ نہ جا سکنے پر ریحان بٹ کا کہنا تھا کہ عمران وارثی کی کمی تو محسوس ہو گی لیکن دوسرے دو فل بیکس بھی کافی اچھے ہیں اور امید ہے کہ وہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم نے شارٹ کارنر لگانے کے شعبے میں کافی کام کیا ہے اور اس کوشش سے کتنا فائدہ ہو گا اس کا اندازہ بھی اس ٹورنامنٹ میں لگایا جا سکے گا۔
کیمپ کے دوران فزیکل فٹ نس پر بھی بھر ہور توجہ دی گئی لیکن ہاکی ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ فزیکل فٹ نس چند دن میں بہتر نہیں ہو سکتی اس پر مسلسل کام ہو رہا ہے اوردسمبر میں ہونے والی چمپئنز ٹرافی سے پہلے ٹیم کی فزیکل فٹ نس کافی بہتر ہو جائے گی۔
اس چار ملکی ٹورنامنٹ کے بعد پاکستان کی ٹیم نے ستمبر میں بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کرنی ہے یہ ٹورنامنٹ ایک رینکنگ ٹورنامنٹ ہے۔ ریحان بٹ نے کہا کہ ایشیا کپ میں شرکت سے ٹیم کو بہت فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کی ٹیم کے لیے ایک بہت اچھا موقع ہے کہ ایشیا کپ جیت کر اپنی رینکنگ بہتر کرے اور اگر پاکستان کی ٹیم ایشیا کپ جیت لیتی ہے تو اس سے پاسکتان میں ہاکی ایک بار پھر زندہ ہو جائے گی۔