عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے حوالے کردیئے ہیں۔ یہ کنٹریکٹ چھ ماہ کے مختصر وقت کے لئے دیئے گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ کے لئے جن بیس کرکٹرز کو چنا ہے ان میں شعیب ملک، محمد یوسف، یونس خان، شعیب اختر، شاہد آفریدی، عمرگل، عبدالرزاق اور محمد آصف کیٹیگری اے میں شامل ہیں۔
کیٹیگری بی میں سلمان بٹ، محمد سمیع، عمران فرحت، محمد حفیظ، یاسرحمید، دانش کنیریا اور کامران اکمل کو رکھا گیا ہے جبکہ سی کیٹیگری کے کھلاڑیوں میں عمران نذیر، راؤ افتخار، فیصل اقبال، مصباح الحق اور یاسرعرفات شامل ہیں۔
اے کیٹیگری کے کرکٹر کو ماہانہ ڈھائی لاکھ روپے، بی کیٹیگری کے کرکٹر کو ڈیڑھ لاکھ روپے اور سی کیٹیگری کے کھلاڑی کو ایک لاکھ روپے ملیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت حسین نغمی نے بی بی سی کو بتایا کہ پندرہ کرکٹرز کو جمعہ کے روز بریفنگ کے بعد کنٹریکٹ کی کاپیاں دے دی گئیں۔
شفقت حسین نغمی نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے کہنے پر کنٹریکٹ میں ان کے لیے مراعات میں کچھ اضافہ کیا گیا ہے۔ ان سے جب سوال کیا گیا کہ اس کا تعلق انڈین کرکٹ لیگ کی طرف سے کچھ کرکٹرز کو دی جانے والی پیشکش سے تو نہیں تو مسٹر نغمی نے کہا کہ بریفنگ کے دوران انڈین لیگ پر بات نہیں ہوئی کیونکہ بقول ان کے کوئی بھی کرکٹر انڈین لیگ کھیلنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
ذرائع کے مطابق کچھ کرکٹرز نے سینٹرل کنٹریکٹ پر فوری طور پر اس لیئے دستخط نہیں کیے ہیں کہ وہ اس کی بعض شقوں سے مطمئن نہیں اوروہ انڈین لیگ کی پرکشش پیشکش پر بھی غور کر رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے والے کرکٹرز پر پابندی کا اعلان کرچکا ہے۔