http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 31 July, 2007, 11:38 GMT 16:38 PST

انڈیا سات وکٹوں سے جیت گیا

ناٹنگھم میں انڈیا انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں انڈیا نے میزبان ٹیم کو سات وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

ٹرینٹ برج میں جب پانچویں دن کا کھیل شروع ہوا تو انڈیا کو میچ جیتنے کے لیے مزید تریسٹھ رن درکار تھے جو اس نے تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

آؤٹ ہونے والے بھارتی کھلاڑیوں میں وسیم جعفر بھی بائیس رن بنا کر ٹریملٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ سچن تندولکر اور دنیش کارتک بھی ٹریملٹ کا شکار بنے۔ راہول ڈراوڈ اور سورو گنگولی ناٹ آؤٹ رہے۔

چوتھے دن جب کھیل ختم ہوا تو انڈیا نے دس رنز بنائے تھے اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا۔ اس سے قبل انڈیا نے انگلینڈ کو چوتھے روز دوسری اننگز میں تین سو پچپن رنز پر آؤٹ کر کے میچ کا پانسہ بڑی حد تک اپنے حق میں کر لیا تھا۔

انگلینڈ کی دوسری اننگز میں مائیکل وان نے ایک سو چوبیس رنز بنائے لیکن انگلینڈ کی آخری سات وکٹیں صرف ارسٹھ رنز کا اضافہ کر سکیں۔ انگلینڈ کی طرف سے کالنگ وڈ نے تریسٹھ اور اینڈریو سٹراس نے پچپن رنز بنائے لیکن دوسرے بلے باز کوئی قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے۔

دوسری اننگز میں بھارتی بالر ظہیر خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 75 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے اس میچ میں مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 198 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں بھارتی ٹیم نے 481 رن بنائے تھے۔ ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ برابری پر ختم ہوا تھا اور خراب موسم انگلش ٹیم کی فتح میں حائل ہو گیا تھا۔