Sunday, 29 July, 2007, 15:14 GMT 20:14 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کو انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے کی پیشکش ہوئی ہے اور وہ معاملات طے پاجانے کی صورت میں اس میں کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
انضمام الحق نے اتوار کو عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن واپسی پر بی بی سی کو بتایا کہ انڈین لیگ کے منتظمین نے ان سے جدہ میں رابطہ کیا تھا اور اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وہ انہیں لیگ میں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ لیگ دنیائے کرکٹ کے کئی بڑے کھلاڑیوں سے رابطے میں ہے اور وہ چاہتی ہے کہ بڑے نام ستمبر میں ہونے والی اس لیگ کی کامیابی کی ضمانت بنیں۔
انضمام الحق کے مطابق انہوں نے منتظمین سے کہا کہ وہ ان کی وطن واپسی پر تمام تر قواعد و ضوابط اور شرائط کے ساتھ باضابطہ بات چیت کریں اور اگر انہیں وہ قبول ہوئیں تو انہیں انڈین لیگ کھیلنے پر کوئی اعتراض نہ ہوگا۔
انضمام الحق نے انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ممکنہ ردعمل کے بارے میں سوال پر کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کوئی اعتراض ہو گا کیونکہ وہ اسوقت سینٹرل کنٹریکٹ کے کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔
انضمام الحق نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کی تیاری کے لیے مختصر وقت کے لیے فٹنس کیمپ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس میں اس نے انضمام الحق کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔