Friday, 15 June, 2007, 01:33 GMT 06:33 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
سینٹ کی سٹیڈنگ کمیٹی برائے کھیل کے رکن اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر انور بیگ کا کہنا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر نسیم اشرف نے ان کےخلاف جو قانونی نوٹس بھجوایا ہے اس کا جواب وہ عدالت میں دیں گے۔
ڈاکٹر نسیم اشرف نے بدھ کواپنے قانونی مشیر کے ذریعے سینٹر انور بیگ کے خلاف جو قانونی نوٹس بھجوایا تھا اس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ چونکہ سینیٹر انور بیگ نے ان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی ہے اس لیے وہ ان سے سر عام معافی مانگیں وگرنہ وہ ان کے خلاف دس کروڑ روپے کے ہرجانے کا نوٹس بھجوائیں گے۔
ڈاکٹر انور بیگ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی سی بی کے سربراہ سے ہرگزمعافی نہیں مانگیں گے بلکہ وہ اس نوٹس کا اپنے وکلاء کے ذریعے جواب بھجوا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب انہیں امید ہے کہ ڈاکٹر نسیم اشرف کی ان سے ملاقات عدالت میں ہوگی جہاں وہ تمام ثبوتوں کے ساتھ ان کاسامنا کریں گے اور قوم کو بتائیں گے کہ انہوں نے پاکستان کی کرکٹ کو کس طرح نقصان پہنچایا ہے اور کرکٹ بورڈ کے پیسے کتنی بے دردی کے ساتھ استعمال کیے ہیں۔
انور بیگ کے مطابق اس مہینے کی 24 یا 25 تاریخ کو سینٹ کی کمیٹی برائے کھیل کا اجلاس بھی بلوایا جا رہا ہے اور اس کے سامنے بھی پی سی بی کے سربراہ کو جواب دہ ہونا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا ایشو کرکٹ بورڈ کے آئین کا ہے جسے لاگو نہیں کیا جا رہا اور بغیر کسی احتساب کے اخراجات کیے جا رہے ہیں اس کی تفصیلات ڈاکٹر نسیم اشرف کو کمیٹی کے سامنے پیش کرنی پڑیں گی۔