http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 14 June, 2007, 23:52 GMT 04:52 PST

وولمرتحقیقات پرنظر ثانی کے لیےکمیشن

جمیکا کی حکومت پاکستان کے سابق کوچ باب وولمر کی موت کی پولیس تحقیقات پر نظر ثانی کے لیے ایک کمیشن قائم قائم کرے گی۔

بدھ کو جمیکا کے قومی سلامتی کے وزیر پیٹر فلپس نے پارلیمان میں اعلان کیاکہ ’دنیا بھر میں اس کیس کے بارے میں لوگوں کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے مجھے لگتا ہے کہ اس کیس کی تحقیقات پر نظر ثانی کی جائے‘۔

کیس کی تحقیقات کے دوران پولیس کے تحقیق کاروں، طبی معائنہ کرنے والوں اور دیگر ماہرین کی تکنیک اور میعار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

یہ کارروائی چھہ ہفتوں میں مکمل ہو جائے گی اور توقع ہے کہ 31 جولائی تک رپورٹ پیش کر دی جائے گی۔

منگل کو پولیس نے اس بات کی تصدیق کر دی تھی کہ باب وولمر کی موت قدرتی تھی اور انہیں قتل نہیں کیا گیا تھا۔اس اعلان کے ساتھ ہی تین ماہ سے جاری تحقیقات اور کرکٹ کی دنیا میں کشمکش کی صورت حال ختم ہوئی۔

اٹھاون برس کے باب وولمر اٹھارہ مارچ کو کنگسٹن جمیکا میں پاکستانی ٹیم کی آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست کے اگلے روز اپنے ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے گئے تھے اور ان کی موت کے تین دن بعد جمیکا پولیس نے ابتدائی پوسٹ مارٹم کی بنیاد پر کہا تھا کہ وولمر کو قتل کیا گیا ہے۔