Thursday, 17 May, 2007, 07:52 GMT 12:52 PST
عبدالرشید شکور
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستانی ہاکی ٹیم کے کوچ منظورالحسن نے سولہویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں مایوس کن کارکردگی کا سبب فٹنس اور کھلاڑیوں کی انفرادی غلطیوں کو قرار دیا ہے۔
آٹھ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نے چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔
سابق اولیمپئن منظور الحسن نے، جنہیں اصلاح الدین کے ساتھ حال ہی میں پاکستانی ہاکی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے لئے جو فٹنس درکار ہوتی ہے وہ پاکستانی کھلاڑیوں میں نظر نہیں آئی اس کے علاوہ ہر شعبے میں کھلاڑیوں کی انفرادی غلطیاں بھی سامنے آئیں جن کے سبب کوئی بھی ٹیم کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی تیاری کے لئے صرف تیرہ دن ملے تھے۔ کراچی میں ان دنوں موسم بھی بہت گرم تھا لڑکے اس گرمی میں سخت ٹریننگ کے عادی نہیں تھے۔
کیا ٹیم کو غیرملکی فزیکل ٹرینر کی ضرورت نہیں؟ اس سوال کا جواب نفی میں دیتے ہوئے منظورالحسن کا کہنا ہے کہ لوگ یورپ کی بات کرتے ہیں لیکن وہاں ایک نظام موجود ہے اور ہر سطح پر فزیکل سینٹر ہیں لیکن ہمارے یہاں بھی فزیکل ٹریننگ اچھے انداز میں ہوتی ہے۔
منظور الحسن نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح بیجنگ اولیمپکس ہے اور اس سے قبل ہونے والے ٹورنامنٹس میں مختلف کامبی نیشن اپناکر متوازن ٹیم تیار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
پاکستانی ٹیم کے کوچ نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے بعد ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کو خارج ازامکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک ٹورنامنٹ کی کارکردگی پر کھلاڑی کو ڈراپ کردینا غلط ہے، اسے مناسب مواقع ملنے چاہئیں۔