Monday, 14 May, 2007, 00:03 GMT 05:03 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر اور کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ٹیم کے نوجوان کپتان شعیب ملک ایک فائٹر ہیں، ان میں مقابلے کی صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ ایک طویل عرصے تک پاکستان کی ٹیم کی قیادت کر سکتے ہیں۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے اتوار کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری پاکستان کی ٹیم کے کیمپ کا دورہ کیا اور فاسٹ بالرز کو بالنگ کے گر سکھائے۔
وسیم اکرم نے بالرز کی تربیت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کی ٹیم کے فاسٹ بالرز کو قریب سے دیکھا ہے وہ کافی فٹ اور جاندار نظر آتے ہیں۔ تاہم ان میں چھوٹی چھوٹی خامیاں ہیں اور وہ کچھ آؤٹ آف پریکٹس بھی لگتے ہیں۔
ماضی میں ان سؤنگ اور آؤٹ سؤنگ بال کرنے کے ماہر سمجھے جانے والے فاسٹ بالر وسیم اکرم نے کہا کہ انہوں نے تربیت کے دوران فاسٹ بالرز کو بالنگ کے کچھ گر بتائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ محنت سے یہ بالرز بہترین کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
وسیم اکرم نے نوجوان فاسٹ بالر نجف شاہ کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی تکنیک کافی بہتر ہے اور وہ مستقبل میں ٹیم کے لیے اچھے بالر ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم کافی تجربہ کار ہے اور ان کے ساتھ اس سیریز میں جیت کے لیے پاکستان کی ٹیم کو بہت محنت کرنا ہو گی۔