Sunday, 13 May, 2007, 06:28 GMT 11:28 PST
دنیائے ٹینس کے نمبر ایک کھلاڑی راجر فیڈرر نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے آغاز سے دو ہفتے قبل اپنے کوچ ٹونی راش کی خدمات سے مزید استفادہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
فیڈرر کے کوچ کی علیحدگی کے فیصلے کو’باہمی‘ قرار دیا جا رہا ہے تاہم یہ فیصلہ روم ماسٹرز ٹورنامنٹ میں فیلیپو وولیندری کے ہاتھوں فیڈرر کی حیران کن شکست کے بعد سامنے آیا ہے۔
ٹونی راش نے ڈھائی سال قبل فیڈرر کی کوچنگ شروع کی تھی اور وہ اس سے قبل ایوان لینڈل اور پیٹ رافٹر جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔
فیڈرر کا کہنا تھا’ میں ٹونی کی خدمات کے لیے ان کا شکرگزار ہوں اور ممنون ہوں کہ وہ اپنے گھر آسٹریلیا سے اتنی دور یہاں میری کوچنگ کے لیے آئے‘۔راجر فیڈرر نے اپنے کیرئر کے دس گرینڈ سلیم مقابلوں میں سے چھ ٹونی راش کی کوچنگ میں جیتے ہیں۔
فیڈرر سنہ 2003 میں بھی اپنے کوچ پیٹر لنگرن کو فارغ کر چکے ہیں۔ یاد رہے کہ یہی وہ سال تھا جب فیڈرر نے اپنا پہلا گرینڈ سلیم اعزاز جیتا تھا۔
فیڈرر کے نئے کوچ کی فوری تعیناتی کا امکان نہیں اور وہ فرنچ اوپن میں بناء کوچ کے ہی شریک ہوں گے۔ سنہ 2004 میں بھی راجر فیڈرر بغیر کسی کوچ کے کھیلے تھے اور انہوں نے اس برس تین گرینڈ سلیم مقابلے جیتے تھے۔