Saturday, 05 May, 2007, 14:31 GMT 19:31 PST
ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے اسباب معلوم کرنے والی کمیٹی اپنی رپورٹ آئندہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پیش کردے گی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹرز اعجاز بٹ، صلاح الدین صلو اور سلیم الطاف پر مشتمل یہ تین رکنی کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ نے قائم کی تھی۔
کمیٹی کے سربراہ اعجاز بٹ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ مرتب ہونے کے مرحلے میں ہے اور وہ اسے آئندہ ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے کردیں گے۔
اعجاز بٹ نے کہا کہ کمیٹی نے دیانت داری اور محنت سے اپنا کام کیا ہے اب یہ پاکستان کرکٹ بورڈ پر منحصر ہے کہ وہ ان کی رپورٹ کو ردی کی ٹوکری میں ڈالتا ہے یا ان کی سفارشات اور تجاویز پر غور کرکے پاکستانی کرکٹ کی بہتری کے لیے اقدامات کرتا ہے۔
اس سوال پر کہ ورلڈ کپ سے براہ راست تعلق رکھنے والے کئی افراد سے کمیٹی نے بات نہیں کی اور بظاہر غیرمتعلقہ افراد کو کمیٹی نے طلب کیا اعجازبٹ نے کہا کہ ورلڈ کپ کی شکست یقیناً کمیٹی کے پیش نظر تھی لیکن اس نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے بیانات کی روشنی میں پاکستانی کرکٹ کی مستقبل میں بہتری کے لیے بھی کچھ تجاویز دی ہیں۔
اعجازبٹ نے ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے میڈیا منیجر پی جے میر کے بیان کے حوالے سے کہا کہ اول تو ان کا کارکردگی کو مذہب سے ملانے والا بیان انتہائی غیرذمہ دارانہ تھا دوسری بات یہ بھی نوٹ کی گئی ہے کہ انہوں نے کمیٹی کے سامنے کچھ اور کہا باہر جا کر میڈیا کو کچھ اور کہا۔
پی جے میر، اندر کچھ باہر کچھ |
کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ان تمام لوگوں کے بیانات جو کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
اعجاز بٹ نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کے حوالے کیے جانے کے بعد وہ اس رپورٹ کو میڈیا کے سامنے ضرور لائیں گے۔