Wednesday, 02 May, 2007, 22:04 GMT 03:04 PST
بھارت کے بلے باز سچن تندولکر بنگلہ دیش کے دورے سے پہلے پریکٹس کے دوران زخمی ہو گئے ہیں۔
ٹیم کے مینجر سریندر بھاوے نے بتایا ہے کہ تندولکر کے دائیں پیر میں موچ آگئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے پیر پر برف لگائی گئی اور امکان ہے کہ انہیں مزید ایکس رے اور دیگر ٹیسٹ کرانے پڑیں۔ تاہم مینیجر کا کہنا تھا کہ تندولکر کی چوٹ معمولی معلوم ہوتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق تندولکر کو چوٹ اس وقت لگی جب وہ شانتاکمارن سریسنتھ کی ایک باؤنسر کو کھیلنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ٹیم کے فِزیوتھراپسٹ نے چوٹ کا جائزہ لیا جس کے بعد تندولکر لنگڑاتے ہوئے ڈریسنگ روم واپس روانہ ہو گئے۔
ادھر خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں پر گوشت اور تلی ہوئی اشیا کھانے کی پابندی ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک اہلکار رتناکر شیٹی نے اس سلسلے میں کہا ’ ہر دورے پر کھلاڑیوں کے لیے کھانے پینے کی پابندیا ہوتی ہیں کیونکہ ان کے لیے ایک ’ڈائٹ چارٹ‘ بنائی جاتی ہے۔
اے پی کے مطابق کطلاڑیوں کو بتایا گیا ہے کہ وہ گرل کی ہوئی مرغی، ابلے ہوئے انڈے پھل اور سبزیاں کھانے کی کوشش کریں۔