Saturday, 28 April, 2007, 10:25 GMT 15:25 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان کی ٹیم کے نئے کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی کرکٹ ہو میچ جیتنے میں اسی فیصد کردار بالرز کا ہوتا ہے اور بیٹنگ کی نسبت اچھی بالنگ فتح کا سبب بنتی ہے۔
شعیب ملک نے سری لنکا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کے لیے لگائے گئے کیمپ کے پہلے دن تربیت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم کے پاس اچھا بالنگ اٹیک ہے اور وہ سری لنکا کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس کیمپ میں چونکہ کوچ نہیں تھا اس لیے صحیح ٹرینگ میں مشکلات پیش آئیں۔
شعیب ملک کے بقول ٹیم کا سب سے کمزور شعبہ فیلڈنگ ہے اور اس میں بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہے اور کیمپ کے پہلے دن چند فیلڈنگ ڈرلز کی گئیں اور کوچ کی غیر موجودگی میں سینئر کھلاڑیوں نے کافی مدد کی۔
بیس بال کے کوچ کو بلایا جا رہا ہے |
فیلڈنگ کوچ کے ضمن میں شعیب ملک کا کہنا تھا کی پی سی بی کے چئرمین نے کہا ہے کو وہ امریکہ سے بیس بال کے کوچز میں سے کسی کو بلوا رہے ہیں اور یہ ایک اچھا اقدام ہوگا۔
شعیب ملک نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو اپنی فیلڈنگ بہتر کرنے کے لیے اضافی محنت کی ضرورت ہے اور ہر کھلاڑی کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ورلڈ کلاس کھلاڑی بننے کے لیے ہر شعبے میں مہارت اور سخت محنت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ان کا فٹنس ٹیسٹ تھا انہوں نے ٹیسٹ دے کر کیمپ میں تربیت بھی کی اور مثال قائم کرنے کی کوشش کی کہ اضافی محنت کی جا سکتی ہے۔
شعیب اختر اور یونس خان کے کیمپ میں نہ آنے کی بابت شعیب ملک نے کہا کہ ان کے نہ آنے کے در پردہ کوئی ایسی بات نہیں۔ ان کی ان دونوں سے بات ہوئی ہے اور دونوں نے انہیں حمایت کا یقین دلایا ہے اور ویسے بھی یہ سیریز بہت زیادہ اہم نہیں اور اس میں نئے کھلاڑیوں کو آزمایا جانا چاہیے۔
سابق کپتان عمران خان کے اس ریمارکس پر کہ شعیب ملک کو ٹیم میں اپنی جگہ مستقل بنیاد پر بنانی چاہیے شعیب ملک کا کہنا تھا کہ میری ٹیم میں جگہ بنتی ہے یا نہیں اس کا اندازہ تو ریکارڈز دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے۔
ٹارگٹ اگلا عالمی کپ |
انہوں نے کہا کہ چیلنجز قبول کرنا ایک اچھی بات ہے جو عام زندگی میں بھی آپ کی مدد کرتی ہے اور اس مقام کو ایک چیلنج سمجھتے ہیں اور اس سلسلے میں ایک مثبت بات یہ ہے کہ انہیں تمام سینئر کھلاڑیوں کا ساتھ اور اعتماد حاصل ہے اور سب مل کر ایک اچھی ٹیم بنائیں گے اور ہمارا اصل ٹارگٹ اگلا عالمی کپ ہو گا۔
بعد ازاں بی بی سی سے بات کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ وہ آج ہونے والے عالمی کپ کے فائنل میں سری لنکا کے ساتھ ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ سری لنکا کی ٹیم آسٹریلیا کو ہرائے۔
کیمپ کے دورانیے کی بابت شعیب ملک کا کہنا تھا کہ اتنے دن کا کیمپ کافی ہے کیونکہ کافی گرمی ہے۔