http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 17 April, 2007, 14:02 GMT 19:02 PST

انگلینڈ عالمی کرکٹ کپ سے باہر

باربیڈوس کے کنسنگٹن اوول سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے ایک اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو نو وکٹ سے شکست دی ہے۔

انگلینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ: سکور کارڈ

انگلینڈ عالمی کپ سے باہر: تصویروں میں

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 154 رنز بنائے تھے اور جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لیے 155 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ جنوبی افریقہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 19.2 اوورز میں ہی حاصل کر لیا۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے سب سے زیادہ سکور کپتان کریم سمتھ نے کیا اور وہ 58 گیندوں پر 89 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے ہمراہ ژاک کیلیس 17 رنز کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی ڈی ویلیئرز تھے جو 42 رنز بنا کر فلنٹاف کی گیند پر نکسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس میچ میں بھی انگلینڈ کے کپتان مائیکل وان کی بری فارم برقرار رہی اور انہوں نے اپنا پہلا رن 20 گیندیں کھیلنے کے بعد بنایا۔ لیکن ابھی وہ 17 رنز ہی بنا پائے تھے کہ نیل نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور اننگز کے شروع ہی میں اس کے پہلے تین کھلاڑی پویلین کو جا چکے تھے۔

اینڈریو سٹراس نے سکور کو آہستہ آہستہ آگے بڑھانا شروع کیا لیکن جب سکور 111 پر پہنچا تو انہیں کیلیس نے آؤٹ کر دیا۔ انہوں نے 46 رنز بنائے۔

ان کے علاوہ قابلِ ذکر سکور کرنے والے کولنگوڈ اور ناٹ آؤٹ بیٹسمین بوپارہ تھے، جنہوں نے بالاترتیب 30 اور 27 رنز بنائے۔

انگلینڈ نے وہی ٹیم رکھی جو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی تھی۔

جنوبی افریقہ نے میکھایا نتینی اور رابن پیٹرسن کی جگہ کارل لینگویلٹ اور جسٹن کیمپ کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔

انگلینڈ کی ٹیم: مائیکل وان، ایئن بیل، اے سٹراس، کیون پیٹرسن، پی کولنگوڈ، اینڈریو فلنٹاف، روی بوپارا، پی نکسن، ساجد محمود، جیمی اینڈرسن، مونٹی پنیسر۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم: گریم سمتھ، اے بی ڈی ویلیئرز، ژاک کیلیس، اے پرنس، مارک باؤچر، جسٹن کیمپ، شان پولاک، اینڈریو ہال، ایندرے نیل، کالر لینگویلٹ۔