Wednesday, 11 April, 2007, 21:05 GMT 02:05 PST
سہیل حلیم
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، گرینیڈا، ویسٹ انڈیز
اس ورلڈ کپ میں صرف دو ٹیمیں ایسی ہیں جو اب تک کوئی میچ نہیں ہاریں۔ اور وہ ہیں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت متوازن ہے اور اب تک اس نے بہترین کرکٹ کھیلی ہے۔
اور آج جب نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا کے سامنے مورچہ سنبھالے گی تو اسے شروع سے ہی نفسیاتی سبقت حاصل ہوگی کیونکہ حریف ٹیم کے سٹرائیک بولر لست ملنگا ٹخنے میں چوٹ کی وجہ سے نہیں کھیل پائیں گے۔
لیکن سری لنکا کے بلے باز کمار سنگھاکارا کہتے ہیں کہ ملنگا کی عدم موجودگی سے کوئی خاص فرق نہیں پڑےگا۔’ہمارے پاس کئی فاسٹ بولر ہیں جو ضرورت پڑنے پر ملنگا کی کمی پوری کرسکتے ہیں۔‘
ملنگا کی جگہ پرویز مہاروف یا کلاسیکرا کو شامل کیا جاسکتا ہے۔
ادھر نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر ڈینیل ویٹوری کہتے ہیں کہ دو سپنز کھلائے جا سکتے ہیں۔ بس فیصلہ کرنے میں دشواری اس لیے ہو رہی ہے کیونکہ اس میدان پر کھیلے جانے والے پچھلے میچ میں ( جنوبی افریقہ بمقابلہ ویسٹ انڈیز) زیادہ سپنرز دیکھنےکو نہیں ملے تھے۔
![]() | |
| نیوزی لینڈ نے ابھی تک کوئی میچ نہیں ہاراہے |
اور دوسرا یہ کہ اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بارے میں اگر کوئی تھوڑی بہت گنجائش باقی ہے، تو یہ میچ جیتنے کی صورت میں وہ بھی ختم ہوجائے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان حال ہی میں ایک روزہ میچوں کی سیریز ہوئی تھی جو دو دو میچ سے برابر رہی۔
نیوزی لینڈ کے لیے سپنرز کے علاوہ دنیا کے تیز ترین بولر شین بانڈ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
![]() | |
| نیوزی لینڈ کے پاس شین بونڈ جیسے تیز ترین بولر ہیں |
جب بات ورلڈ کپ جیتنے کی آتی ہے تو آسٹریلیا کا تذکرہ تو آپکو اکثر سننے کو ملے گا لیکن نیوزی لینڈ کی بات زیادہ لوگ نہیں کرتے۔ اس کی وجہ عالمی کپ مقابلوں میں نیوزی لینڈ کا ریکارڈ ہے۔ چار ورلڈ کپس میں نیوزی لینڈ سیمی فاینلز میں ہاری ہے۔ لہذا اگلے تینوں میچز میں انہیں یہ بھی ثابت کرنا ہے کہ وہ بڑے میچز بھی جیت سکتے ہیں۔
جہاں تک پوائنٹس ٹیبل کا سوال ہے تو نیوزی لینڈ کے چار میچوں سے آٹھ پوائنٹس ہیں اور اسے ابھی آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے کھیلناہے، جبکہ سری لنکا کے چار میچوں سے چھ پوائنٹس ہیں اور اس کے باقی دو میچ آئرلینز اور آسٹریلیا کے خلا ف ہیں۔