Wednesday, 04 April, 2007, 09:09 GMT 14:09 PST
پاکستان کے کرکٹ کوچ باب وولمر کی یاد میں ایک دعائیہ سروس بدھ کو جنوبی افریقہ میں منعقد کی جا رہی ہے۔
یہ دعائیہ تقریب کیپ ٹاؤن میں ہو گی جہاں وولمر کے اہل خانہ رہائش پذیر ہیں۔
یاد رہے کہ باب وولمر اٹھارہ مارچ کو ویسٹ انڈیز کے شہر جمیکا کے کنگسٹن ہوٹل میں واقع اپنے کمرے میں مردہ پائے گئے تھے۔ اس کے انتقال سے ایک دن قبل پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے آئر لینڈ کے ہاتھوں شکست کھائی تھی۔
جوہانسبرگ میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ کیپ ٹاؤن سے باب وولمر کا تعلق 25 سال سے زائد عرصے پر محیط ہے۔ انہوں نے اسی علاقے سے اپنے کوچنگ کیرئر کی ابتداء کی تھی۔ بعد ازاں وہ اپنے خاندان کے ہمراہ جنوبی افریقہ منتقل ہو گئے جس کے بعد سے ان کا خاندان وہیں آباد ہے۔
وینبرگ ہائی سکول میں منعقد ہونے والی اس دعائیہ سروس میں وولمر کی بیوہ اور ان کے دو بیٹے بھی شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ باب وولمر کی یاد میں ایک دعائیہ سروس پاکستان میں بھی منعقد کی جا چکی ہے۔
برطانوی پولیس کی ایک ٹیم بھی جمیکن پولیس کی جانب سے باقاعدہ طور پر مدد ایک درخواست کے بعد وہاں پہنچ چکی ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کے تین تفتیشی اہلکار اور جائے وقوعہ کے ایک ماہر افسر وولمر کے قتل کے سلسلے میں کی جانے تفتیش کا از سر نو جائزہ لیں گے۔
پاکستان کی جانب سے بھی پولیس کے ایک اعلیٰ تفتیشی افسر میر زبیر محمود جمیکا روانہ ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں امریکی صحافی ڈینئل پرل کے قتل کے سلسلے میں کی جانے والی تحقیقات کی سربراہی بھی میر زبیر نے ہی کی تھی۔