Tuesday, 03 April, 2007, 14:12 GMT 19:12 PST
گیانا میں جنوبی افریقہ اور آئرلینڈ کے درمیان ہونے والے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں آئرلینڈ کے 152 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنا کر میچ جیت لیا ہے۔ یہ نیا ٹارگٹ ڈک ورتھ لیوئس کے قانون کے مطابق جنوبی افریقہ کو ملا تھا۔
جنوبی افریقہ نے یہ ٹارگٹ 31.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقہ کی جیت میں نمایاں ہاتھ ژاک کیلیس کا ہے جنہوں نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کیا کہ وہ ایک اعلیٰ پائے کے بلے باز ہیں اور ٹیم کو ہر طرح کے حالات سے نکالنے کے اہل ہیں۔
ژاک کیلیس نے 84 گیندوں پر 65 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کے ہمراہ پرنس 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
میچ کو بارش کی وجہ سے کئی مرتبہ روکنا پڑا اور اوورز کم کر کے 35 کر دیے گئے۔
جنوبی افریقہ کا پہلا وکٹ ایک کے سکور پر گرا جب ڈی ویلیئرز کوئی رنز بنائے بغیر رینکن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی گریم سمتھ تھے جنہیں جونسٹن نے اپنی ہی گیند پر ایک اچھا کیچ لے کر آؤٹ کیا۔ انہوں نے 41 رنز بنائے۔
جب سکور 85 پر پہنچا تو رینکن نے گبز کو وائٹ کے ہاتھوں آؤٹ کر دیا۔انہوں نے صرف چھ رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے لینگویلٹ نے تین، پولاک اور ہال نے دو دو جبکہ سمتھ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آئرلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ سکور وائٹ نے بنایا جو 30 رنز بنانے کے بعد سمتھ کی گیندپر گبز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ قابلِ ذکر سکور بنانے والے مارگن 28 اور این جے او برائن 25 تھے۔
![]() | |
| شان پولاک نے پہلے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا |
آئرلینڈ کا آغاز کوئی اچھا نہیں ہوا اور میچ کے تیسرے اوور میں شان پولاک نے جیریمی برے کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اس وقت آئرلینڈ کا سکور صفر تھا۔
آئرلینڈ نے ایک تبدیلی کی اور سیم بولر پال مونیے کو کے او برائن کی جگہ کھلایا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم: گریم سمتھ (کپتان)، اے بی ڈی ویلیئرز، ژاک کیلیس، ہرشیل گبز، اے جی پرنس، مارک باؤچر، جسٹن کیمپ، شان پولاک، اینڈریو ہال، ایل بوسمین، موتھیا نتینی۔
آئرلینڈ کی ٹیم: جیریمی برے، ڈبلیو پورٹرفیلڈ، ای مورگن، این او برائن، اے وائٹ، اے سی بوتھا، ٹی جونسٹن، کے میکلین، پی جے کے مونے، ڈی لینگفورڈ سمتھ، بی رینکن۔
ایمپائر: ڈی جے ہارپر اور ایس جے اے ٹوفل۔