http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 29 March, 2007, 19:32 GMT 00:32 PST

انڈیا کو سلو اوور ریٹ پر جرمانہ

انڈیا کی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے گروپ بی کے میچ میں سلو اوور کرانے پر جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

آئی سی سی کے میچ ریفری جیف کرو نے راہول ڈرواڈ کی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف اننگز میں زیادہ سلو اوور کرانے اور مقررہ وقت سے ایک اوور زیادہ کا وقت لینے پر یہ سزا سنائی۔

آئی سی سی کے اوور ریٹ کے متعلق قوانین کے مطابق جو ٹیم مقررہ وقت میں جتنے اوور کم کروائے گی، پانچ فیصد فی اوور کے حساب سے اس ٹیم کی میچ فیس کاٹ لی جائے گی جبکہ کپتان کو یہ جرمانہ دوگنا ادا کرنا پڑے گا۔

اس حوالے سے راہول ڈراوڈ کو میچ فیس کا دس فیصد بطور جرمانہ دینا ہو گا جبکہ بقیہ کھلاڑی اپنی میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ دیں گے۔

سلو اوور ریٹ کا معاملہ آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے سیکشن جے کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے اور اس حوالے سے میچ ریفری کا فیصلہ حتمی اور اس پر عمل کرنا لازمی ہوتا ہے۔