Monday, 26 March, 2007, 14:19 GMT 19:19 PST
انگلینڈ کے عالمی کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کے ساتھ ساتھ انگلش بیٹسمین کیون پیٹرسن عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
پیٹرسن مارکس ٹریسکوتھک اور ایلن لیمب کے بعد انگلینڈ کے تیسرے کھلاڑی ہیں جو ایک روزہ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں بیٹنگ کے شعبہ میں پہلی پوزیشن تک پہنچے ہیں۔
چھبیس سالہ پیٹرسن کی عالمی کپ میں اوسط ساٹھ اعشاریہ پچاس رنز ہے اور انہوں نے نیوزی لینڈ اور کینیا کے خلاف گروپ میچوں میں نصف سنچریاں سکور کی ہیں۔
پیٹرسن آسٹریلوی کھلاڑی مائیکل ہسی کی جگہ ون ڈے کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے مرتب کردہ رینکنگ میں آسٹریلیا کے کپتان رکی پونٹنگ دوسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں جبکہ ہسی عالمی کپ میں ناقص کارکردگی کے نتیجے میں تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
بالنگ کے شعبہ میں جنوبی افریقہ کے شان پولاک نے اپنی برتری کو برقرار رکھا ہے تاہم نیوزی لینڈ کے شین بانڈ تین درجے ترقی پا کر دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں اور سری لنکا کے سپنر مرلی دھرن عالمی کپ میں اب تک 6 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دسویں سے تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
پولاک آل راؤنڈرز کی فہرست میں اب بھی سرفہرست ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل دوسری اور اینڈریو فلنٹوف تیسری پوزیشن پر ہیں۔