Thursday, 22 March, 2007, 04:54 GMT 09:54 PST
جمیکا میں پولیس تاحال پاکستان کے سابق کوچ باب وولمر کی موت کی وجہ پتہ چلانے میں ناکام رہی ہے۔ حکومت کے ایک پتھالوجسٹ کی طرف سے کیا جانے والا پوسٹ مارٹم بے نتیجہ رہا تھا اور مزید ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ انہوں نے ایک دوسرے پتھالوجسٹ کی بھی رائے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعرات کو پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے پاس تاحال پتھالوجسٹ کی رپورٹ نہیں آئی جنہوں نے پوسٹ مارٹم کیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ پتھالوجسٹ پوسٹ مارٹم میں ہونے والے ٹیسٹوں کے نتائج کے منتظر ہیں۔
پولیس کے ترجمان نے کہا کہ ان وجوہات کی بنیاد پر وولمر کی موت کی وجہ نہیں بتا سکتی۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کو مشاورت کے بعد جس میں جمیکا کے حکومت کے نمائندے بھی شریک تھے، فیصلہ کیا گیا کہ ایک اور پتھالوجسٹ سے بھی رائے لی جائے۔
مسز وولمر نے بتایا کہ انہوں نے کبھی دباؤ میں ہونے کا ذکر نہیں کیا تاہم وہ انہیں ٹی وی پر دیکھ کر اندازہ لگا سکتی تھیں کہ وہ دباؤ میں ہیں۔
وولمر کی اہلیہ نے ٹی وی چینل پر اس بات کی بھی تصدیق کی کہ انہوں نے پاکستانی ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے اچھا وقت گزارا اور ان کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اچھے تعلقات تھے۔ ’ان کے ٹیم کے ساتھ بہت اچھے تعلقات تھے، وہ لڑکوں کے ساتھ خوش تھے اور میرا خیال ہے کہ کھلاڑیوں کے بھی ایسے ہی جذبات تھے۔ انہوں نے مِل کر محنت بھی کی اور مزہ بھی اور کرکٹ بورڈ نے بھی ان کا بہت خیال رکھا تھا‘۔