Monday, 19 March, 2007, 14:10 GMT 19:10 PST
نویں عالمی کرکٹ کپ کےگروپ ڈی کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو چھ وکٹ سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے میں اپنی شرکت یقینی بنا لی ہے۔
زمبابوے نے ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے 203 رن کا ہدف فراہم کیا تھا جو اس نے اڑتالیسویں اوور میں حاصل کر لیا۔ براوو اور لارا نے اپنی ٹیم کو فتح تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
لارا 44 جبکہ براوو 37 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے چندرپال اور کرس گیل نے اننگز کا آغاز کیا تھا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں تہّتر رن بنائے۔ اس موقع پر چندر پال اکیس رن بنا کر چگمبرا کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ اسی سکور پر گیل بھی چالیس رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ویسٹ انڈیز کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی رمیش ساروان تھے جنہیں ارلینڈ نے اپنی ہی بالنگ پر کیچ کیا۔ سیموئلز بھی 28 رن بنا کر کیچ ہوئے۔
اس سے قبل زمبابوے نے مقررہ پچاس اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 202 رن بنائے تھے۔زمبابوے کی جانب سے ولیمز اور ٹیلر نے نصف سنچریاں بنائی ہیں۔ولیمز 70 کے سکور پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ٹیلر پچاس کے انفرادی سکور پر رن آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اور اس کے بالروں نے ابتدائی اوورز میں ہی زمبابوے کی دو وکٹیں حاصل کر لیں۔ تیسری وکٹ کے لیے چبابا اور ٹیلر میں انتیس رن کی شرکت ہوئی اور جب زمبابوے کا سکور اکتیس پر پہنچا تو جیروم ٹیلر نے چبابا کو بارہ کے انفرادی سکور پر بولڈ کر دیا۔
زمبابوے کی چوتھی وکٹ انسٹھ کے سکور پر اس وقت گری جب متسیکنیری سمتھ کی گیند پر کیچ ہوئے۔زمبابوے کے آؤٹ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں کستینی صفر اور سباندا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر نے دو جبکہ سمتھ اور پاول نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
اس میچ کے بعد ویسٹ انڈیز گروپ ڈی میں چار پوائنٹس کے ساتھ سب سے اوپر ہے۔ آئرلینڈ کے تین اور زمبابوے کا ایک پوائنٹ ہے جبکہ اس گروپ کی چوتھی ٹیم پاکستان پہلے ہی عالمی کپ سے باہر ہو چکی ہے ۔