http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 19 March, 2007, 00:14 GMT 05:14 PST

انضمام الحق مستعفی ہو گئے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق نے ایک روزہ کرکٹ اور ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم ایک کھلاڑی کی حیثیت سے وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

انضمام الحق اس اعلان کے بعد عالمی کپ میں زمبابوے کے خلاف اپنا آخری ایک روزہ میچ کھیلیں گے۔ وہ اس سے پہلے تین سو ستتر میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

انضام الحق نے ویسٹ انڈیز میں ایک اخباری کانفرنس میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کرکٹ کے شائقین کی چاہت اور نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس موقع پر باب وولمر کی وفات پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔

انضمام الحق نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی شکست کی پوری ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز سے شکست اورآئر لینڈ سے ہارنے کے بعد انضمام پر سخت دباوٴ تھا۔

انضمام الحق نے اپنا پہلا ایک روزہ میچ نومبر سن انیس سو بانوے میں لاہور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا اور بیس رن بنائے تھے۔ انہوں نے اپنا آخری ایک روزہ میچ سنیچر کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلا۔

انضمام الحق نے اپنے ایک روزہ کیریئر تین سو ستتر میچ کھیلے اور گیارہ ہزار سات سو دو رن بنائے۔ انہوں نے تراسی نصف سنچریاں اور دس سنچریاں بنائیں۔