http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 17 March, 2007, 05:09 GMT 10:09 PST

بنگلہ دیشی سپنر حادثے میں ہلاک

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بنگلہ دیش کے بائیس سالہ سپن بالر منظور الاسلام ایک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

کھلنا میں ہونے والے اس حادثے میں ان کے ساتھ ایک اور کرکٹرسجاد الحسن بھی مارے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب منظور الاسلام کی موٹرسائیکل کرتکڈنگا میں ایک پل کی دیوار سے ٹکرائی۔

منظور الاسلام نے بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے چھ ٹیسٹ اور پچیس ایک روزہ میچ کھیلے تھے۔ وہ کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیش کے ممکنہ تیس کھلاڑیوں میں بھی شامل تھے تاہم انہیں حتمی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

بنگلہ دیش ٹیم کے رکن حبیب البشر کے مطابق ٹیم کو اس خبر سے شدید دھچکہ پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا’ یہ ہم سب کے لیے ایک بری خبر ہے۔ وہ ہمارے ساتھی اور دوست تھے‘۔