Wednesday, 14 March, 2007, 13:42 GMT 18:42 PST
عالمی کرکٹ کپ کے سینٹ کٹس میں ہونے والے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کے 334 کے جواب میں سکاٹ لینڈ نے چالیس اعشاریہ ایک اوور میں نو وکٹ کے نقصان پر 131 رنز بنائے اور اس طرح یہ میچ 203 رنز سے ہار گیا۔
سکاٹ لینڈ کی اننگز کی خاص بات ان کے کھلاڑی کولن سمتھ کی ففٹی تھی جنہوں نے نپی تلی آسٹریلین کا اچھی طرح سامنا کیا۔ یہ ان کی پہلی انٹرنیشنل ففٹی ہے۔
آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اوپنر ماجد حق 16 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ واٹس کو میگرا نے 9 کے سکور پر، واٹسن کو چھ اور ہملٹن کو تین کے سکور پر آؤٹ کیا۔ اس طرح انہوں نے 13 رنز دے کر تین وکٹ لیے۔ پونیا اور کریگ وائٹ کو ٹیٹ نے آؤٹ کیا۔ ان کے بعد رائٹ آؤٹ ہوئے جنہوں نے چار رنز بنائے۔ انہیں ہوج نے آؤٹ کیا۔ آؤٹ ہونے والے آٹھویں کھلاڑی راجرز تھے جو 16 کے سکور پر رن آؤٹ ہوئے۔ اگلے ہی گیند پر ہوگ نے سمتھ کو بولڈ کر دیا۔ انہوں نے 51 رنز بنائے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے اور اس طرح سکاٹ لینڈ کو 335 کا ٹارگٹ دیا۔ آسٹریلوی اننگز کی خاص بات رکی پونٹنگ کی شاندار سنچری تھی جو انہوں پچاسی گیندوں میں بنائی۔ لیکن سنچری بنانے کے بعد وہ 113 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ان کے علاوہ شین واٹسن اور ہوگ نے آخری چار اوورز میں سکاٹ لینڈ کے بولروں کی خوب پٹائی کی اور بالاترتیب 18 اور چالیس رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی طرف سے اوپننگ میتھیو ہیڈن اور ایڈم گلکرسٹ نے کی اور ایک اچھا آغاز دیا۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 91 کے سکور پر گری جب گلکرسٹ براؤن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 46 رنز بنائے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی میتھیو ہیڈن جو 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں ماجد حق نے آؤٹ کیا۔ ماجد نے ہی تیسری وکٹ لی جو مائیکل کلارک کی تھی جو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہوج 29 رنز بنا کر اور ہسی چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی اور آسٹریلیا کی طرف سے ایڈم گلکرسٹ اور میتھیو ہیڈن نے اوپنگ کی۔
آسٹریلیا مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کی کوشش میں ہے لیکن اس سے قبل پانچ ایک روزہ میچوں میں اسے مستقل شکست کا سامنا رہا ہے۔
اگرچہ آسٹریلیا ورلڈ کپ میں بریٹ لی کے بغیر آیا ہے لیکن پھر بھی اس کے پاس ٹورنامنٹ کے تیز ترین بولروں میں سے ایک شان ٹیٹ ہیں۔ٹیٹ نے سینٹ ونسنٹ میں انگلینڈ کے خلاف ہونے والے وارم اپ میچ میں 33 رنز کے عوض چار کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔
آسٹریلیا: رکی پونٹنگ (کپتان)، ایڈم گلکرسٹ، نیتھان بریکن، مائیکل کلارک، میتھیو ہیڈن،بی ہوج، بریڈ ہوگ، مائیکل ہسی، مچل جانسن، گلین میکگرا، شان ٹیٹ اور شین واٹسن۔
سکاٹ لینڈ: کریگ رائٹ (کپتان)، جان بلین، ڈوگی براؤن، گیون ہیملٹن، ماجد حق، پال ہوفمین، نودیپ پونیا، گلین راجرز، کولن سمتھ، رے واٹسن، اور فریزر واٹس۔