http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 12 March, 2007, 07:17 GMT 12:17 PST

انگریزی بولنے پر پابندی

پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ نے عالمی کپ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں پر پریس کانفرنسوں اور دیگر موقعوں پر ذرائع ابلاغ کے ساتھ انگریزی میں بات کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔

کرکٹ کی تفصیلی کوریج کے لیے یہاں کلک کریں

پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ کے ذرائع ابلاغ سے رابط افسر پی جے میر نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی ذرائع ابلاغ کے ساتھ اور خاص طور پر پریس کانفرنسوں کے دوران صرف اور صرف اردو میں بات کریں گے۔

انہوں نے اس پابندی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سنہ دوہزار سات پاکستان میں سیاحت کے سال طور پر منایا جا رہا ہے اور پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کا عالمی کپ پاکستان کی قومی زبان کو متعارف کرانے کے لیے بہترین موقع ہے۔

پی جے میر نے مزید کہا کہ ٹرنیڈاڈ میں گیس لیک ہونے پر جب پاکستانی کھلاڑیوں کو ہوٹل سے باہر لیے جایا جا رہا تھا تو کسی غیر ملکی اخبار نویس نے ایک پاکستانی کھلاڑی کی بات صحیح طور پر نہیں سمجھا اور اس سے غلط بیان منسوب کیا۔

ایک اخبار نویس نے جب دانش کنریا سے اس واقعہ پر سوال کیا تو انہوں نے اس پر کہا دیا کہ ’اٹ ہیپنز‘ یعنی اس طرح ہوتا رہتا ہے۔

تاہم جب یہ خبر اخبار میں شائع کی گئی تو دانش کنیریا کہ حوالے سے لکھا تھا کہ اس طرح کے واقعات پاکستان میں ہوتے رہتے ہیں۔

پی جے میر نے کہا کہ اس طرح کی صورت حال سے بچنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ اردو میں بات کی جائے۔

تاہم پاکستانی ٹیم کے کوچ باب وولمر اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔