Friday, 02 March, 2007, 15:53 GMT 20:53 PST
ہندوستان کی حکومت نے کرکٹ ٹیم کی حفاظت کے لیے کمانڈوز کی ایک ٹیم ویسٹ انڈیز بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے ویسٹ انڈیز پہنچ چکی ہے جبکہ پورے ہندوستان میں ٹیم کی جیت کے لیے دعائیں کی جارہی ہیں وہیں حکومت ورلڈ کپ کے دوران ٹیم کی سلامتی کے لۓ فکر مند ہے۔
اطلاعات کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران نیشنل سیکورٹی گارڈز کے سولہ کمانڈو کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے ویسٹ انڈیز جائیں گے۔
گذشتہ برس نومبر میں ہندوستان کی ایک سیکورٹی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا جس کے بعد یہ پتہ چلا تھا کہ ویسٹ انڈیز میں حفاظت کے معقول انتظامات نہیں ہیں اور ورلڈ کپ کے دوران اسٹیڈیم اور کھلاڑیوں کی سلامتی کا خدشہ ہے۔
نیشنل سیکورٹی گارڈز کے کمانڈو آئندہ ہفتے ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہوں گے۔
مملکتی وزیرخارجہ آنند شرما کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران وہاں کی حکومت سے ورلڈ کپ کے دوران کھلاڑیوں کی سیکورٹی کے بارے میں بات چیت کی تھی۔ آنند شرما کا کہنا ہے کہ: ’ہماری سکیورٹی ایجنسیوں کے پاس ورلڈ کپ کے دوران مہیا کی جانے والی سیکورٹی کے بارے میں سب اطلاعات ہیں اور حکومت کھلاڑیوں کی حفاظت کے لۓ ہر ممکن اقدامات کرے گی۔‘
کپتان راہل ڈریوڈ کی قیادت میں ہندوستان کی پندرہ رکنی ٹیم ویسٹ انڈیز پہنچ چکی ہے۔ اس ماہ کی سترہ تاریخ کو ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف ورلڈ کپ کا پہلا میچ کھیلے گی۔
یہ پہلی بار ہوگا جب نیشنل سیکورٹی گارڈز کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے ملک سے باہر جائیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے ان کے ساتھ کمانڈوز رہے گیں تو کھلاڑیوں کی پرفارمنس ضرور متاثر ہوگی کیونکہ ٹیم خوف کے سائے میں اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کرسکتی ہے۔